اڈیشہ میں بس پلٹنے سے 6 سیاح ہلاک، 45 زخمی

بھونیشور، مئی۔اوڈیشہ کے گنجام ضلع کی کالنگا وادی میں منگل کی دیر رات ایک بس پلٹنے سے مغربی بنگال کے کم از کم چھ سیاح ہلاک اور 45 دیگر زخمی ہوگئے۔ابتدائی معلومات کے مطابق اس حادثے میں چار خواتین سمیت دو مردوں کی موت ہو گئی ہے۔45 زخمیوں میں سے 30 کو بھنج نگر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور 15 کی حالت نازک ہے، جنہیں برہم پور کے ایم کے سی جی میڈیکل کالج اور اسپتال لے جایا گیا ہے۔ایم کے سی جی اسپتال نے کہا کہ یہاں داخل تمام 15 مریضوں کی حالت مستحکم ہے۔معلومات کے مطابق، ہاوڑہ ضلع کے ادھم پور علاقے سے بچوں سمیت 60 سے زائد مسافروں کو لے کر سیاحوں کی بس درینگباڑی سے مغربی بنگال واپس آ رہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔واقعہ کے بعد بھنج نگر پولیس نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔حادثے کی اصل وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے تاہم کچھ مسافروں کا کہنا ہے کہ حادثہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔

Related Articles