عالیہ بھٹ کی فلم ‘گنگو بائی کاٹھیاواڑی’کی ریلیز ایک بار پھر تاخیر کا شکار، نئی تاریخ کا اعلان

ممبئی،نومبر۔بالی وڈ فلم اسٹار عالیہ بھٹ کی فلم ‘گنگو بائی کاٹھیاواڑی’ کی ریلیز ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو گئی ہے اور اب فلم کی نئی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔بھارت کی فلم پروڈکشن کمپنی ‘پین انڈیا لمیٹڈ’ نے پیر کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر فلم کی ریلیز کی نئی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی ہدایت کار اور فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ‘گنگو بائی کاٹھیاواڑی’ اب 18 فروری 2022 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔بھارتی اخبار ‘ٹائمز آف انڈیا’ کے مطابق ‘گنگو بائی کاٹھیاواڑی’ کی ریلیز کرونا وبا کی وجہ سے متعدد بار تاخیر کا شکار ہو چکی ہے۔اس سے قبل یہ فلم چھ جنوری 2022 کو سنیما گھروں کی زینت بننا تھی۔ لیکن اب اس کی ریلیز ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔’پین انڈیا لمیٹڈ’ نے فلم کی ریلیز کی نئی تاریخ سے متعلق کوئی وضاحت نہیں دی۔بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بھارتی ہدایت کار ایس ایس راجہ مولی کی فلم کی وجہ سے سنجے لیلا بھنسانی نے اپنی فلم کی تاریخ کو آگے بڑھایا ہے۔خیال رہے کہ ایس ایس راجہ مولی کی فلم ‘آر آر آر’ سات جنوری 2022 کو سنیما گھروں کی زینت بننے جا رہی ہے۔ اس فلم میں بھی عالیہ بھٹ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔’گنگو بائی کاٹھیاواڑی’ کی کہانی ایس حسین زید کی کتاب ‘مافیا کوئنز آف ممبئی’ سے لی گئی ہے جو ایک ایسی لڑکی کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جسے جسم فروشی کے لیے فروخت کر دیا جاتا ہے۔فلم میں اداکارہ عالیہ بھٹ، اداکار اجے دیوگن اور عمران ہاشمی سمیت دیگر فن کار اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

 

Related Articles