شاہ رخ کے بیٹے آرین سے بحری جہاز پر ’ریو پارٹی‘ میں منشیات کے معاملے پر پوچھ گچھ

ممبئی،اکتوبر۔انڈیا میں منشیات کی روک تھام کے ادارے نیشنل کرائم بیورو (این سی بی) نے کہا ہے کہ وہ بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے سمیت آٹھ افراد سے منشیات کے استعمال سے متعلق تفتیش کر رہے ہیں۔خبر وں کے مطابق گذشتہ رات ممبئی کے ساحل سے دور ایک کروز یعنی ایک قسم کے بحری جہاز پر ’ریو پارٹی‘ میں یہ افراد شریک تھے، جس میں مبینہ طور پر منشیات کا استعمال کیا گیا۔جن لوگوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ان میں آرین خان، ارباز مرچنٹ، منمن دھمیچا، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جیسوال، وکرانت چوکھر اور گومت چوپڑا شامل ہیں۔خبر وں کے مطابق این سی بی کے سربراہ ایس این پردھان نے بتایا کہ ’یہ پوچھ گچھ کئی ہفتوں سے جاری ایک مشکل تفتیش کے نتیجے میں کی گئی۔‘ان کے مطابق ہم نے خاص انٹیلیجنس اطلاعات پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں اس معاملے میں بالی وڈ سے بھی کچھ تانے بانے جا ملے ہیں۔انھوں نے کہا ان آٹھ لوگوں کو پارٹی کی جگہ سے منشیات ملنے کی بنیاد پر پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا اور ان سے حاصل ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر مزید چھاپے مارے جائیں گے۔ایس این پردھان نے کہا کہ ’جب ہمیں یہ اطلاع ملی کہ چرس اور ایم ڈی ایم (نشہ آور ادویات) پارٹی میں استعمال کے لیے لے جائی جا رہی ہیں تو ہم نے چھاپہ مارا جہاں سے ہمیں منشیات ملیں۔‘اس سے قبل گذشتہ سال اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد ہونے والی تفتیش میں بالی میں منشیات کے بکثرت استعمال کی بات سامنے آئی تھی اور اس معاملے میں ریا چکرورتی سمیت بہت سے لوگوں سے ایس سی بی نے سوالات کیے تھے۔جن بالی وڈ فنکاروں سے سوال کیے گئے ان میں معروف اداکارہ دیپکا پاڈوکون کے علاوہ راکول پریت، شروتی مودی اور فیشن ڈیزائنر سیمیون کھمبٹا وغیرہ شامل تھیں۔اس وقت ایوان بالا یعنی راجیہ سبھا میں سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمان اور سابق اداکارہ جیا بچن نے کہا کہ کچھ لوگوں کی وجہ سے پوری صنعت کی شبیہ خراب ہو سکتی ہے۔خیال رہے کہ یہ پارٹی سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب کو ممبئی کے ساحل سے دور سمندر میں ایک کروز پر ہو رہی تھی۔خبر وں کے مطابق کورڈیلیا نامی کروز کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس واقعے میں براہ راست یا بالواسطہ طریقے سے وہ ملوث نہیں ہیں کیونکہ دلی کی ایک مینجمنٹ کمپنی نے اس کروز کو ایک پرائیوٹ پارٹی کے لیے حاصل کیا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق وہ تفتیش میں حکام کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں۔
آرین خان پر ابھی کوئی الزام نہیں:انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق نارکوٹکس محکمے کے ایک افسر نے بتایا کہ حراست میں لیے جانے والے ان آٹھ افراد کے بیانات نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائکوٹراپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) کی دفعہ 67 کے تحت ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔ایک افسر نے بتایا کہ آرین خان سے پوچھ گچھ ہو رہی ہے لیکن ان پر ابھی کوئی الزام نہیں عائد کیا گیا۔سوشل میڈیا پر اس سلسلے میں آرین خان ٹرینڈ کررہا ہے اور لوگ ایک بار پھر بالی وڈ اور ڈرگز کے استعمال پر باتیں کر رہے ہیں جبکہ حال ہی میں گجرات کے ایک بندرگاہ سے تقریباً تین ہزار کلوگرام منشیات کے پکڑے جانے کا بھی ذکر ہو رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ میڈیا اس پر خاموش رہا لیکن اب بالی وڈ کے تعلق سے اس پر خوب گرما گرم بحث چھڑ گئی ہے۔شیام میرا سنگھ نامی ایک صارف نے لکھا: ’شاہ رخ خان کے بیٹے آرین کو صرف پوچھ گچھ کے لیے روکا گیا، انھیں گرفتار کیا گیا اور نہ ہی ان پر کوئی الزام ہے۔لیکن پورا میڈیا مسلمان اور سیلبریٹی ہونے کے ناطے پیچھے پڑ گیا ہے۔‘

 

Related Articles