پاکستانی ٹی 20، ناردرن کے ہاتھوں چیمپئن کے پی کو شکست، ایونٹ میں چوتھی فتح

کراچی ،اکتوبر۔پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں ناردرن نے دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا کو 14رنز سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ ناردرن کی ٹیم اب تک چھ میچز کھیل کر چار جیت چکی ہے۔182 رنز کے تعاقب میں ناکام ٹیم 8وکٹ پر 167رنز بناسکی۔ نصف سنچری بنانے اور دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے پر محمد نواز کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اتوار کومطلوبہ ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کے تین بیٹرز 64 کے مجموعے پرپویلین لوٹ گئے۔ کپتان محمد رضوان 17، اسراراللہ 25اور صاحبزادہ فرحان13 رنز بناسکے۔ افتخار احمد نے 34گیندوں پر پانچ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ کے پی کو جیت کے لیے آخری 12 گیندوں پر 28رنز درکار تھے۔ تاہم سہیل تنویر کی نپی تلی بولنگ کے سامنے شاہین شاہ آفریدی اور محمد عمران 19ویں اوور میں صرف 5 رنز ہی بناسکے۔ علی عمران نے آخری اوور میں صرف آٹھ رنز دے کر ناردرن کو فتح دلادی۔ ناردرن کے حارث رؤف نے تین جبکہ محمد نواز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل ناردرن نے خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت اس کی ابتدائی دو وکٹیں محض ایک کے مجموعی اسکور پر اس وقت گریں۔ علی عمران اور حیدر علی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس روانہ ہوگئے۔ عمر امین نے اوپنر ناصر نواز کے ہمراہ 52 رنز کی شراکت قائم کی۔ عمرا مین 27 اور ناصر نواز 24 رنز بناسکے۔ ناردرن کیلئے کپتان شاداب خان اور محمد نواز نے پانچویں وکٹ کے لیے 89 رنز کی سب سے بڑی شراکت قائم کرکے مجموعہ 180 کے پار پہنچانے میں اہم کردار اداکیا۔ محمد نواز نے 34 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی بدولت 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ ٹورنامنٹ میں گیارہ چھکے لگا کر اب ایونٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے چکے ہیں۔ شاداب خان نے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی بدولت 170 کے اسٹرائیک ریٹ سے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ آصف علی نے بھی برق رفتار 21 رنز بنائے۔ ناردرن نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹ پر 181 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ اسرار اللہ، عمران خان سینئر اور آصف آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔دریں اثنا ء￿ پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کپ میں دن کے دوسرے میچ مین سینٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کو 7 وکٹ سے شکست دے دی سدرن کو مسلسل چھٹی شکست ہوئی۔ اتوار کی شب سینٹرل نے ہدف 120 رنز، 17اعشاریہ دو اوورز میں بنالیا۔کپتان بابراعظم نے 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اوپنرکامران اکمل نے 28 ، قاسم اکرم اور حسین طلعت نے 10، 10 رنز بنائے۔ سدرن پنجاب کی جانب سے حسان خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں سدرن پنجاب کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.4 اوورز میں 119 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔ اعظم خان 45 اور آغا سلمان 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فاسٹ بولرزحسن علی 4 اور فہیم اشرف کی 3 وکٹیں حاصل کیں۔ٹورنامنٹ کے بقیہ میچ لاہور میں ہوں گے۔

Related Articles