ہند۔پاک سرحد کے قریب ساڑھے آٹھ کلو گرام ہیروئن پکڑی گئی

گورداسپور، اکتوبر۔ بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے پنجاب کے ضلع گورداسپور سے ملحقہ پاکستانی سرحد سے 8 کلو 580 گرام ہیروئن برآمد کی ہے۔بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی قیمت 42 کروڑ 50 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس ڈاکٹر نانک سنگھ نے آج یہاں بتایا کہ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کچھ اسمگلر پاکستان سے ہیروئن کی کھیپ لے کر آرہے ہیں۔ ہم نے بارڈر سیکورٹی فورس کی 89 بٹالین کے افسران کو اس بارے میں آگاہ کیا۔ پولیس کی مدد سے جوانوں نے فوری طور پر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ آج صبح تقریبا سوا دس بجے بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے روسا بی او پی سے ایک بوری برآمد کی۔ بوری چیک کرنے پر اس سے ہیروئن برآمد ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ ہیروئن قبضے میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے اور اس بات کا پتہ لگایا جارہا ہے کہ یہ کھیپ منگوانے میں کن لوگوں کا ہاتھ ہے۔

Related Articles