کشمیر میں صورتحال بہت اچھی، لوگ بھی بہت خوش: لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے

سری نگر، ستمبر۔ سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے کا کہنا ہے کہ کشمیر میں صورتحال بہت اچھی ہے اور لوگ بھی بہت خوش ہیں۔انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ کشمیر کے لوگوں نے علاحدگی پسندوں کی چالوں کو سمجھ لیا ہے اور اب وہ ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سرحدوں پر نوک جھونک چلتی رہے گی تاہم ہم کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔موصوف جی او سی نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز شمالی کشمیر کے قصبہ اوڑی کے بونیار علاقے میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کرنے کے دوران کیا ہے۔انہوں نے کہا: صورتحال بہت اچھی ہے سرحد پر جب اچھی صورتحال ہو گی تو اندر بھی اچھی ہی ہو گی یہاں سیاحت چل رہی ہے اور ہوٹلوں میں جگہ ہی نہیں ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا: کشمیر میں لوگ خوش ہیں انہوں نے علاحدگی پسندوں کی چالوں کو سمجھ لیا ہے اب مشکل سے ہی یہاں کوئی ان (علاحدگی پسندوں) کے ساتھ ہے ۔موصوف لیفٹیننٹ جنرل نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سرحد پر نوک جھونک ہوتی رہتی ہے لیکن ہم کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا: سرحد پر کیا ہو رہا ہے جموں و کشمیر کے لوگوں کو اس کے لئے پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔

Related Articles