راہل گاندھی جمعرات کو جموں کے دو روزہ دورے پر آئیں گے

جموں،  ستمبر ,آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سابق صدر اور سینیئر لیڈر راہل گاندھی جمعرات کو دو روزہ دورہ پر جموں آئیں گے۔پارٹی کے ایک ترجمان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ مسٹر گاندھی جمعرات کو جموں ایئر پورٹ سے سیدھے کٹرہ کے لئے روانہ ہوں گے جہاں وہ ماتا ویشنو دیوی مندر میں حاضری دیں گے۔انہوں نے کہا: مسٹر گاندھی جمعرات کو یہاں پہنچیں گے اور سیدھے کٹرہ کے لئے روانہ ہوں گے جہاں وہ ماتا ویشنو دیوی مندر میں حاضری دیں گے۔ 10 ستمبر کو وہ پارٹی لیڈران اور کارکنوں سے ملیں گے ۔کانگریس کی جموں و کشمیر امور کی انچارج رجنی پاٹل نے 5 ستمبر کو یہاں کہا تھا کہ راہل گاندھی عنقریب جموں کا دورہ کریں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ راہل گاندھی اپنے دورے کے دوران کٹرہ میں شری ماتا ویشنو دیوی مندر میں حاضری دینے کے علاوہ لوگوں سے بھی ملیں گے۔رجنی پاٹل نے نامہ نگاروں کو بتایا تھا: راہل جی کا ویشنو دیوی مندر کا دورہ پہلے سے ہی طے تھا۔ جب انہوں نے ایک بار یہاں آنا چاہا تو انہیں آنے نہیں دیا گیا ۔انہوں نے کہا تھا: راہل جی نے گذشتہ ماہ سری نگر کا دورہ کیا۔ ماتا کھیر بھوانی کی مندر میں حاضری دی تھی۔ حضرت بل بھی گئے تھے۔ وہ ماتا ویشنو دیوی مندر میں حاضری دینے کے بعد لوگوں سے بھی ملیں گے۔رجنی پاٹل نے کہا تھا کہ جموں میں راہل گاندھی کے جلسے کے لئے انتظامیہ سے اجازت مانگی گئی تھی لیکن ابھی تک اجازت نہیں ملی ہے۔ان کا کہنا تھا: ہم نے ان کے جلسہ کے لئے انتظامیہ سے اجازت مانگی ہے لیکن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کووڈ کے پیش نظر ہم تحریری اجازت نامہ نہیں دے سکتے ہیں ۔

Related Articles