جب شمی کپور نے سائرہ بانو کو ’برقع‘ پہننے کا مشورہ دیا

ممبئی،ستمبر-بالی ووڈ کے مرحوم لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ و اداکارہ سائرہ بانو نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ اداکار شمی کپور نے ایک بار اْن سے کہا تھا کہ اگر وہ مداحوں سے گھبرا رہی ہیں تو برقع پہن لیں۔ویب سائٹ پر سائرہ بانو کا ایک پْرانا انٹرویو شائع کیا گیا ہے جس میں اْنہوں نے شمی کپور کے ساتھ کی جانے والی اپنی ڈیبیو فلم کے حوالے سے ایک اہم انکشاف کیا تھا۔سائرہ بانو نے کہا کہ ’مجھے یاد ہے کہ جب میں اپنی فلم ’جنگلی‘ کر رہی تھی تو ڈائریکٹر سبودھ مکھرجی نے ایک شاٹ بیان کیا تھا جس کے لیے مجھے کیمرے کو ایک تیز نظر دینے کی ضرورت تھی لیکن میں اسے ٹھیک نہیں سمجھ رہی تھی۔‘اْنہوں نے کہا کہ ’فلم کی شوٹنگ کے دوران اْس وقت میرے چاروں طرف ایک بہت بڑا ہجوم جمع تھا جو مجھے پریشان کر رہا تھا۔‘دلیپ کمار کی اہلیہ نے کہا کہ ’جب اداکار شمی کپور نے مجھے گھبرائے ہوئے دیکھا تو اْنہوں نے مجھ سے کہا اگر آپ لوگوں کو دیکھ کر بہت گھبرا رہی ہیں تو شوٹنگ کے لیے برقعہ پہن کر آئیں۔‘سائرہ بانو نے کہا کہ ’شمی کپور کے یہ جملے سْن کر میں رو پڑی لیکن اْن کے ان الفاظ نے مجھے طاقت بھی دی۔‘واضح رہے کہ دلیپ کمار 1966 میں سائرہ بانو سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے۔بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار رواں سال 98 سال کی عْمر میں انتقال کر گئے۔لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی برسوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اْنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔

Related Articles