روی شاستری کے ساتھ فیلڈنگ اور گیندبازی کوچ بھی کورونا سے متاثر

لندن ، ستمبر, ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ کوچ آر سری دھر اور گیندبازی کوچ بھرت ارون لندن میں کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ تینوں اگلے دس روز تک کوارنٹین میں رہیں گے ۔روی ، سریدھر ، بھرت اور فزیو تھیراپسٹ نتن پٹیل ہفتہ کے روز ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ میں مثبت پائے گئے ، جس کے بعد انہیں احتیاط کے طور پر آئیسولیشن میں بھیج دیا گیا تھا۔ اتوار کے روز ان سبھی کا آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کیا گیا جس میں روی ، شری دھر اور بھرت مثبت پائے گئے۔بی سی سی آئی نے اس بارے میں ایک بیان میں کہا ، ’’ ان کا آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ ہوا ہے اور وہ لندن میں ٹیم ہوٹل میں ہی رہیں گے اور ٹیم انڈیا کے ساتھ تب تک سفر نہیں کریں گے جب تک میڈیکل ٹیم سے تصدیق نہیں ہوجاتی ہے۔ ‘‘واضح رہے کہ برطانیہ میں رہنے والے ہندوستانی نژاد ڈاکٹر متھوسوامی اور فیزیو یوگیش پرمار سمیت دیگر لوگوں کی موجودگی والی بی سی سی آئی کی طبی ٹیم ہندوستانی ٹیم کے اراکین کی نگرانی کررہی ہے۔ اس کے علاوہ ، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی ) کے ذریعہ مقرر کردہ ہیلتھ ورکرز کی ایک عام کووڈ ٹیم ہے جو دونوں ٹیموں کا کورونا ٹسٹ کرتی ہے۔ دونوں ٹیموں کے اراکین کا ہر روز آر ٹی پی سی آر کے ساتھ ساتھ ریپڈ جن ٹسٹ بھی ہوتا ہے ۔ٹیم انڈیا پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے مانچسٹر روانہ ہوگی جو 10 ستمبر سے شروع ہوگا۔ ہیڈ کوچ روی شاستری سمیت معاون عملے کے چار ارکان مکمل صحت یاب ہونے کے بعد ہی مانچسٹر کا سفر کر سکیں گے۔

Related Articles