برطانیہ کے 80 فیصد نوجوانوں میں کورونا کی اینٹی باڈیز کی موجودگی کا امکان

لندن ،۴؍ستمبر(پی ایس آئی)تازہ ترین اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ برطانیہ کے 80 فیصد سے زیادہ نوجوانوں میں کورونا کی اینٹی باڈیز کی موجودگی کا امکان ہے۔ ایک اندازے کے مطابق شمالی آئرلینڈ میں 16سے 24 سال عمر کے 80.4 فیصد، اسکاٹ لینڈ کے 85.6 فیصد، ویلز کے 83.9 اور انگلینڈ کے 85.4 فیصد نوجوانوں میں اینٹی باڈیز کی موجودگی کا امکان ہے۔ کورونا کی اینٹی باڈیز کی موجودگی اس بات کی علامت ہے کہ یا تو متعلقہ شخص پہلے کورونا کا شکار ہوچکا ہے یا اس نے ویکسین لگوائی ہے۔ ویکسین لگوانے کے 2 سے 3 ہفتے بعد جسم میں کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے کافی مقدار میں اینٹی باڈیز پیدا ہوجاتی ہیں، اس کے بعد یہ کم تعداد میں خون میں موجود رہتی ہیں، تاہم اس میں اتنی کمی بھی ہوسکتی ہے کہ ٹیسٹ کے دوران ان کا پتہ نہ چل سکے۔ قومی شماریات دفتر نے یہ تازہ ترین اعدادوشمار 9 اگست سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران لئے گئے خون کے نمونوں کے ٹیسٹ کے نتائج سے حاصل کئے ہیں۔ یہ تخمینہ نجی گھروں میں رہنے والوں کا ہے اور اس میں ہسپتالوں یا کیئر ہومز میں داخل ہونے والوں کے نتائج کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نوجوانوں میں کورونا کا مقابلہ کرنے کی اینٹی باڈیز کی سطح میں، جو 7 جون کو شروع ہونے والے ہفتے کے دوران 52.9 فیصد تھیں، 9 اگست کو شروع ہونے والے ہفتے کے دوران اچانک اضافہ ہوا اور ان کی شرح 85.4 فیصد ہوگئی جبکہ 25 سے 34 سال عمر کے نوجوانوں میں اس کی شرح 67.8 فیصد سے 96.2 فیصد تک ہوگئی۔ نوجوانوں میں اینٹی باڈی کی شرح گزشتہ 2 ماہ کے دوران سب سے زیادہ اسکاٹ لینڈ میں بڑھی ہے، جہاں یہ شرح 16سے 24 سال عمر کے نوجوانوں میں40.7 فیصد سے بڑھ کر 85.6 فیصد تک ہوگئی ہے جبکہ 25 سے 34 سال عمر کے نوجوانوں میں اس کی شرح 59.7 سے 96.2 فیصد تک ہوگئی ہے۔ اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ معمر افراد میں اینٹی باڈیز کی شرح کم ہو رہی ہے۔ قومی شماریات دفتر کا کہنا ہے کہ زیادہ عمر کے جن لوگوں نے ویکسین لگوالی ہے، ان کے خون میں اینٹی باڈیز کی شرح ویکسین سے قبل کی شرح سے زیادہ رہے گی، تاہم ہوسکتا ہے کہ خون کے ٹیسٹ کے وقت اس کی شرح کم معلوم ہو، 9 اگست کو شروع ہونے والے ہفتے کے دوران شروع کئے جانے والے ٹیسٹ کے دوران انگلینڈ کے بالغ افراد میں مجموعی طورپر اینٹی باڈیز کی مثبت شرح 94.1 فیصد، ویلز میں 92.0 فیصد، اسکاٹ لینڈ میں 93.6 فیصد اور شمالی آئرلینڈ میں90.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ قومی شماریات دفتر کا کہنا ہے کہ ویکسین لگوانے اور کورونا کے پازیٹو ٹیسٹ کا ایک واضح طریقہ کار ہے لیکن اینٹی باڈیز کی موجودگی ہی ویکسی نیشن کے ذریعے ملنے والے تحفظ کا پیمانہ نہیں ہے۔

Related Articles