عالمی وبا کا مقابلہ اسی صورت میں ہوسکتا ہے جب حکومت اور سماج مل کر ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں: ہرش وردھن  

نئی دہلی، صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزي وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ ہندوستان میں کورونا وائرس سے حفاظت کے لیے لوگوں میں "ہرڈ امیونٹی’ پیدا نہیں ہوپائی ہے اور اسی وجہ سے یہ ضروری ہے کہ ہم سب کووڈ-19 کی ہدایت پر عمل کریں۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے اتوار کے روز اپنے "سنڈے سنواد” کی تیسری قسط میں سوشل میڈیا سے بات چیت کی اور ان سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں یہ بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے سروے کی رپورٹ سے لوگوں میں خوش فہمی نہيں آنی چاہئے۔ مئی میں کیے گئے پہلے سی ای آر او سروے میں یہ پتہ چلا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کا انفیکشن 0.73 فیصد تھا۔ دوسرے سی ای آر او سروے کی رپورٹ جاری ہونے والی ہے ، جس میں یہ اشارہ کیا گیا ہے کہ ہم کسی طرح کی اجتماعی قوت مدافعت سے ابھی کافی دور ہیں۔ اجتماعی قوت مدافعت اس وقت ہوتی ہے جب 60 سے 70 فیصد آبادی اس وائرس سے متاثر ہوتی ہے اور وائرس کے خلاف اینٹی باڈیز تیار کرتی ہے، اس لیے یہ ضروری ہے کہ ہم سب کووڈ-19 کی مناسب ہدایات پر عمل کریں۔
مرکزی وزیر صحت نے کہا کہ اسکولوں کو مرحلہ وار کھولنے کا خوف غلط تھا اور انہوں نے مشورہ دیا کہ سیلون اور ہیئر اسپا پرجاتے وقت مناسب پروٹوکول پر عمل کیا جائے۔ اس کے علاوہ، ہر ایک فرد خود بھی ماسک پہنیں اور ماسک نہ پہننے والے لوگوں کو ماسک پہننے کی ہدایت کریں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ مذہبی مقامات پر بھی ماسک پہننے کی ضرورت ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ "عالمی وبا کا مقابلہ اسی صورت میں ہوسکتا ہے جب حکومت اور سماج مل کر ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں”۔

Related Articles