شیوراج نے اندور پہنچ کر زخمیوں کی خیریت دریافت کی

اندور، مارچ۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان آج اندور پہنچے۔ یہاں انہوں نے اسپتال پہنچ کر شری بیلیشور مہادیو جھولے لال مندر کے حادثے میں زخمیوں کی خیریت دریافت کی۔مسٹرچوہان نے مرنے والوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور انہیں تسلی دی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔اس دوران اندور ضلع کے انچارج اور وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا، آبی وسائل کے وزیر تلسی رام سلاوٹ، میئر پشیامترا بھارگوا، اندور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین جے پال سنگھ چاوڑا، ایم ایل اے محترمہ مالنی لکشمن سنگھ گوڑ اور آکاش وجے ورگیہ، سابق ایم ایل اے سدرشن گپتا، اندور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سابق صدر مدھو ورما، ڈویژنل کمشنر ڈاکٹر پون کمار شرما، آئی جی راکیش گپتا، پولس کمشنر مکرند دیوسکر، کلکٹر ڈاکٹر الیاراجا ٹی، میونسپل کارپوریشن کمشنر مسز پرتیبھا پال بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ اندور پہنچنے کے بعد سب سے پہلے ایپل اسپتال پہنچے۔ یہاں انہوں نے حادثے کے زخمی مریضوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے واقعہ اور انہیں فراہم کئے جانے والے علاج و صحت کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ان کی خیریت بھی دریافت کی۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں کوہدایت دی کہ زخمیوں کو بہترسے بہترعلاج فراہم کیاجائے۔ علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔اس کے بعد مسٹر چوہان اسنیہ نگر علاقے میں شری بیلیشور مہادیو جھولے لال مندر کے مقام پر پہنچے۔ یہاں انہوں نے جاری ریسکیو آپریشن کو دیکھا۔ ریسکیو کام میں شامل اہلکاروں سے بات چیت کے بعد بچاؤ کے کام کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ اس کے بعد شری کچ پاٹیدار دھرم شالہ پہنچے۔ یہاں انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین سے بات چیت کی اورتعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں پوری طرح ان کے ساتھ ہے۔مسٹر چوہان نے کہا کہ یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے۔ ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے۔ میں واقعے کے فوراً بعد سے ریسکیو آپریشن سے مسلسل رابطے میں ہوں۔ باقی متاثرہ افراد کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔ واقعے کی تحقیقات کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔ مجسٹریل انکوائری ہوگی، اس میں ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔ پولیس نے مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔ تحقیقات کی بنیاد پر قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ہماری ترجیح ریسکیو آپریشن کو مکمل کرنا ہے۔ حکومت زخمیوں کا مفت علاج کر رہی ہے۔مسٹرچوہان نے کہا کہ ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ پوری ریاست میں جہاں بھی کنویں-باوڑی ڈھکی ہوئی ہیں، ان کی جانچ کی جائے تاکہ اس طرح کے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگر کوئی بورویل کھلا ہوا پایا گیا، نجی ہے تو زمین کے مالک اورسرکری ہے تو متعلقہ محکمے کے متعلقہ افسر- ملازم کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔مسٹرچوہان اس پورے واقعہ سے انتہائی پریشان نظر آئے۔ انہوں نے ہوائی اڈے پر اندور کے عوامی نمائندوں سے کہا کہ یہ بڑے دکھ کی گھڑی ہے۔ انتظامیہ اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔ تمام عوامی نمائندے غمزدہ لواحقین کے دکھ درد کو دور کرنے کی کوشش کریں۔

Related Articles