منیش سیسودیا کی سی بی آئی حراست میں دو دنوں کی توسیع، درخواست ضمانت پر 10 مارچ کو سماعت

نئی دہلی، مارچ۔ دہلی کی ایک خصوصی عدالت نے ہفتہ کے روز ایکسائز پالیسی میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار سابق نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی حراست میں دو دنوں کی توسیع کر دی۔سی بی آئی نے اتوار کے روز مسٹر سیسودیا کو گرفتار کیا تھا اور انہیں 27 فروری کو خصوصی عدالت میں پیش کیا، جہاں سے انہیں 4 مارچ تک سی بی آئی کی حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔ سی بی آئی نے ہفتہ کے روز ایم کے ناگپال کی خصوصی عدالت کے سامنے مسٹر سیسودیا کی مزید تین دنوں کی تحویل کی درخواست کی۔مسٹر سیسودیا نے جمعہ کے روز اسی سی بی آئی عدالت میں باقاعدہ ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ عدالت نے ضمانت کی عرضی پر دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد سی بی آئی کو اگلی سماعت کی تاریخ 10 مارچ تک اپنا جواب داخل کرنے کو کہا۔سی بی آئی نے جواب داخل کرنے کے لیے ہولی کی چھٹیوں کا حوالہ دیتے ہوئے 15 دن کا وقت مانگا تھا۔واضح رہے کہ 28 فروری کو مسٹر سیسودیا کی درخواست کو خارج کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے کہا تھا کہ عرضی گزار دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہيں۔سپریم کورٹ سے راحت نہ ملنے کے بعد مسٹر سیسودیا نے اسی دن بعد میں نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جسے قبول کر لیا گیا ہے۔سی بی آئی نے دہلی کی ایکسائز پالیسی 2021-2022 میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں آٹھ گھنٹے طویل پوچھ گچھ کے بعد 26 فروری کی دیر شام مسٹر س؛سودیا کو گرفتار کیا (اس پالیسی کو دہلی حکومت نے تنازعہ کے بعد ختم کر دیا تھا)۔سی بی آئی نے الزام لگایا تھا کہ وہ تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے تھے، اس لیے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ مسٹر سیسودیا سے سی بی آئی نے 17 اکتوبر 2022 کو پوچھ گچھ کی تھی۔سی بی آئی نے 17 اگست 2022 کو مسٹر سیسودیا اور 14 دیگر لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔

Related Articles