ترکی اور شام میں زلزلے سے 1150 افراد جاں بحق، 5300 سے زائد زخمی

استنبول/دمشق، فروری ۔ شام کی سرحد سے متصل ترکی کے جنوبی علاقے میں مقامی وقت کے مطابق صبح 4:17 بجے طاقتور زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ پہلے جھٹکے کے چند منٹ بعد ایک اور زور دار جھٹکا محسوس کیا گیا جس سے ترکی اور شام میں شدید تباہی ہوئی۔ اب تک 1150 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی ہے جبکہ 5300 سے زائد زخمی ہیں۔بی بی سی نے ترک ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ پورے علاقے میں یکے بعد دیگرے 40 سے زائد جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ترکی، لبنان، شام، قبرص، اسرائیل اور فلسطین میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا کہ صرف ترکی میں زلزلے سے 912 افراد جاں بحق اور 5383 زخمی ہوئے۔ ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ جنگی سطح پر راحت رسانی اور ریسکیو کا کام کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق شام میں بھی زلزلے کے باعث شدید تباہی کی خبریں ہیں۔ اب تک 237 سے زیادہ لوگوں کی موت کی رپورٹ ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں ابھی جاری ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ترکی میں پیر کی صبح دو طاقتور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ بی بی سی نے بتایا کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں عمارتوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ترکی میں امدادی کام تیزی سے جاری ہے تاہم حکام خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ اب بھی متعدد افراد ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔

Related Articles