ڈورے مون کارٹون نے 6 سالہ بچے کی جان کیسے بچالی؟

لکھنؤ ،فروری۔والدین ہمیشہ بچوں کو زیادہ کارٹون دیکھنے پر ڈانٹتے نظر آتے ہیں لیکن انہی کارٹون کی وجہ سے بھارت میں ایک 6 سالہ بچے کی جان بچ گئی۔آپ نے یقیناً بچپن میں معروف جاپانی اینیمیٹڈ کارٹون سیریز ڈورے مون تو ضرور دیکھی ہوگی جس کے مرکزی کردارڈورے مون اور نوبیتا تھے۔ڈورے مون ایک روبوٹ تھا جس کے پاس ہر مشکل کے حل کے لیے مختلف آلات اور آئیڈیاز ہوتے تھے، انہیں کی مدد سے وہ نوبیتا کو ہر مشکل سے بچاتا تھا۔گزشتہ دنوں شہر لکھنؤ میں ایک رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی جس میں 3 خواتین ہلاک اور 16 افراد زخمی ہوئے۔اس حادثے میں خوش قسمتی سے ایک 6 سالہ بچے مصطفیٰ کی جان بچ گئی،جسے عمارت کے ملبے سے صحیح سلامت باہر نکالا گیا،بچے کے زندہ بچ جانے کی وجہ اور کچھ نہیں بلکہ ڈورے مون کارٹون تھی۔میڈیا کے مطابق جب بچے کو ریسکیو اہلکاروں نے عمارت کے ملبے سے نکال کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا تو اس نے بتایا کہ جب عمارت گر رہی تھی تو وہ اچانک سے بیڈ کے نیچے چھپ گیا تھا اور یہ آئیڈیا اس کو ڈورے مون کارٹون سے آیا۔بچے نے بتایا کہ کارٹون کی ایک قسط میں ڈورے مون نے نوبیتا کو سکھایا تھا کہ اگر زلزلہ آجائے تو فوراً ٹیبل یا بیڈ کے نیچے چھپ جانا چاہیے، تاہم جب ہمارے گھر کی عمارت ہل رہی تھی تو مجھے لگا کہ زلزلہ آگیا ہے اس لیے میں جلدی سے بیڈ کے نیچے جاکر بیٹھ گیا اور جلد ہی عمارت گر گئی اور ہر طرف اندھیرا ہوگیا۔میڈیا کے مطابق عمارت گرنے کے حادثے میں مصطفیٰ کی والدہ اور دادی انتقال کرگئی تھیں۔واقعہ کی ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہو اکہ عمارت کا نقشہ صحیح نہیں بنایا گیا تھا جبکہ اس میں ناقص سیمنٹ کا استعمال کیا گیا جو عمات کے زمین بوس ہونے کی وجہ بنا۔میڈیا کے مطابق پولیس نے 3 افرا دکے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

Related Articles