ویزا میں تاخیر کے باعث خواجہ ہندوستان نہیں آسکے

میلبورن،جنوری۔آسٹریلیا کے سلامی بلے باز عثمان خواجہ کے ویزا میں تاخیر کی وجہ سے بدھ کو آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ ہندوستان کے لئے روانہ نہیں ہو سکے۔خواجہ نے اس تاخیر پرمزاحیہ اندازمیں سوشل میڈیا پر ایک میم شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’اپنے ہندوستان کے ویزا کا انتظار کرتے ہوئے میں‘‘۔آسٹریلیائی ٹیم چار ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے ہندوستان آ رہی ہے۔ ای ایس پی این کرک انفو نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ خواجہ کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں کے ویزوں میں بھی تاخیر ہوئی۔ خواجہ اب جمعرات کو بنگلورو کے لیے روانہ ہوں گے۔پاکستانی نژاد خواجہ نے 2011 میں آسٹریلیا کے لیے ڈیبیو کیا تھا، حالانکہ پچھلے دو برسوں میں ان کے بلے سے کافی رن آئے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں 47.83 کی اوسط رکھنے والے خواجہ نے گزشتہ ایک سال میں 12 ٹیسٹ کھیل کر79.68 کی اوسط سے 1275 رنز بنائے ہیں اور ان کا بہترین اسکور195 ناٹ آؤٹ رہاہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے پیر کو خواجہ کو ان کی شاندار کارکردگی پر سال کے بہترین ٹیسٹ کرکٹر کے ایوارڈ سے بھی نوازا۔دریں اثنا، آسٹریلیا 9 فروری سے ناگپور میں شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز سے قبل بنگلورو میں چار روزہ ٹریننگ کیمپ میں حصہ لے گا۔ اس کے علاوہ دیگر تین ٹیسٹ دہلی، دھرم شالہ اور احمد آباد میں کھیلے جائیں گے۔ یہ ٹیسٹ سیریز ہندوستان کے لیے عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے لحاظ سے اہم ہوگی۔

Related Articles