مہاراشٹر کے سرکاری دفاتر میں یکم اپریل سے ’ای-آفس‘ سسٹم کا نفاذ: شندے

ممبئی، دسمبر۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ انتظامی کاموں کو مزید فعال اور ’پیپر لیس‘ بنانے کے لیے ’ای-آفس‘ سسٹم کو ریاست کے تمام سرکاری دفاتر میں یکم اپریل 2023 سے لاگو کیا جائے گا۔جمعرات کی رات جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسٹر شندے نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست میں بھی مرکز کے خطوط پر فیصلے لینے کے لیے سرکاری فائلیں چار سطحوں پر بھیجے۔ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کا مرکزی محکمہ( ڈی اے آر پی جی) کے سکریٹری وی سرینواس نے اس سلسلے میں ’ورشا‘ رہائش گاہ پر مسٹر شندے سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ریاست کے چیف سکریٹری مسٹر منو کمار سریواستو، ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر سجاتا سونک اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وزیراعلی نے انتظامیہ کو ریاست میں گڈ گورننس مینول کی تیاری میں تعاون کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ مہاراشٹرا ملک میں گڈ گورننس انڈیکس میں دوسرے نمبر پر ہے اور اسے پہلے مقام پر لانے کی کوشش کی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اگر ریاست کے تمام سرکاری دفاتر میں ’ای-آفس‘ سسٹم کا استعمال شروع ہو جاتا ہے تو کام میں تیزی آئے گی اور اس کے علاوہ کام مکمل طور پر پیپر لیس ہو جائے گا۔ کام کرنا زیادہ آسان ہوگا اس لئے یکم اپریل سے ریاست کے سبھی دفاتر میں ’ای-آفس‘ سسٹم شروع کیا جائے گا۔ مسٹر شندے نے کہا کہ جب تمام دفاتر ’ای-آفس‘ میں کام کرنا شروع کر دیں گے تو فائلوں اور دستاویزات کو موبائل پر بھی دیکھا اور منظور کیا جا سکتا ہے۔

Related Articles