انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 657 رنز بنا کر آؤٹ

راولپنڈی،دسمبر۔انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پہلی اننگز میں 657 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف 4 بلے بازوں کی سنچریوں کی مدد سے 112 سالہ ریکارڈ توڑتے ہوئے صرف 75 اوورز کے کھیل میں 4 وکٹوں پر 506 رنز بنائے تھے۔انگلینڈ نے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 506 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کیا اور ابتدا ہی میں کپتان بین اسٹوکس 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ان کے بعد لیام لیونگ اسٹون کو بھی نسیم شاہ نے 9 رنز پر آؤٹ کیا۔مڈل آرڈر بلے باز ہیری بروک نے شاندار بلے بازی کا سلسہ جاری رکھا اور 116 گیندوں پر 5 چھکوں اور 19 چوکوں کی مدد سے 153 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ہیری بروک کو بھی نسیم شاہ نے آؤٹ کیا۔اپنی شاندار اور جارحانہ 153 رنز کی اننگز کے دوران ہیری بروک نے سعود شکیل کے اوور میں 6 گیندوں پر 6 چوکے بھی لگائے ۔پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے زاہد محمود نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا لیکن ان 4 وکٹوں کے حصول کے لیے انہیں 235 رنز کی مار بھی برداشت کرنی پڑی۔ان کے علاوہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے 140 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔گزشتہ روز راولپنڈی میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد انگلش ٹیم نے 4 بلے بازوں کی سنچریوں کی مدد سے 112 سالہ ریکارڈ توڑتے ہوئے صرف 75 اوورز کے کھیل میں 4 وکٹوں پر 506 رنز بنا لیے تھے اور اس دوران مہمان ٹیم نے کئی نئے ریکارڈ اپنے نام کر لیے تھے۔اس سے قبل 1910 میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں پہلے روز 494 رنز بنے تھے جو ریکارڈ تھا، گزشتہ روز انگلینڈ کی جانب سے زیک کرالی 122، بین ڈکٹ 107 اور اولی پوپ 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔انگلش اوپنرز نے جارحانہ انداز میں نصف سنچریاں اسکور کیں اور انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دونوں اوپنرز نے 50 یا اس سے کم گیندوں پر نصف سنچریاں اسکور کیں، اسی طرح کھانے کے وقفے تک انگلش اوپنرز نے بغیر کسی نقصان کے 174 رنز بنائے جو انگلش ٹیسٹ تاریخ میں میچ کے پہلے دن اوپنرز کی جانب سے کیا گیا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے جب کہ زیک کرالی، انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے والے اوپنر بن گئے۔دوسری جانب میچ کے لیے پاکستان نے چار اور انگلینڈ نے دو کھلاڑیوں کو ڈیبیو کرایا ہے اور ٹیسٹ کرکٹ میں پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف کسی ٹیسٹ میچ میں چار کھلاڑیوں کو ڈیبیو کرایا ہے۔

 

Related Articles