دیہاتوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے مقصد سے کئی منصوبے بنائے گئے:نرنجن ریڈی

حیدرآباد، دسمبر۔تلنگانہ کے وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے کہا کہ دنیا تب ہی اچھی ہوگی جب گاؤں اچھے ہوں گے۔ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی ہدایت پر دیہاتوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے مقصد سے کئی منصوبے بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مواضعات کو پینے کے پانی کے لئے عوام کو کافی دور جانا پڑتا تھا تاہم حکومت کی جانب سے شروع کردہ مشن بھاگیرتا کے تحت یہ مسئلہ مکمل طورپر حل ہوگیا ہے۔ وزیرموصوف نے ونپرتی ضلع کے ناگاسنی پلی کا دورہ کیا اور مقامی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔انہوں نے ان مسائل کے حل کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی کے پانی کے سبب دیہاتوں سے نقل مکانی میں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایسے خاندان جنہوں نے نقل مکانی کی تھی وہ اپنے آبائی مواضعات کو واپس آگئے کیونکہ ان کے دیرینہ بلدی مسائل حل ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بنجر زمینیں سر سبز ہو چکی ہیں اور دیہات فصلوں سے بھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشن کاکتیہ سے تالابوں میں بہتری آئی ہے اور دیہی ترقی کے ساتھ گاؤں صاف ستھرے ہوگئے ہیں۔ ہر گاؤں کو ٹریکٹر اور واٹر ٹینک کے الاٹ ہونے سے کچرا اٹھانے اور درخت لگانے کے مسائل دور ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب وزیراعلی کے چندرشیکھر راو کی دوراندیشی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی کوئی دوسری ریاست اس طرح کی اسکیموں کو نافذ نہیں کررہی ہے۔

Related Articles