ٹویوٹا کرلوسکر موٹر کے چیئرمین وکرم کرلوسکر کا انتقال

بنگلور، نومبر۔ٹویوٹا کرلوسکر موٹر کے وائس چیئرمین وکرم ایس کرلوسکر کا منگل کے روز انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 64 برس تھی۔مسٹر وکرم کرلوسکر کے پسماندگان میں بیوی گیتانجلی کرلوسکر اور بیٹی مناسی کرلوسکر ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا کہ ان کی موت دل کا دورہ پڑنے یا حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی۔کمپنی کی ویب سائٹ پر کہا گیا ہے، ” 29 نومبر 2022 کو ٹویوٹا کرلوسکر موٹر کے وائس چیئرمین وکرم ایس کرلوسکر کے بے وقت انتقال کا اعلان کرتے ہوئے ہمیں بہت رنج و غم ہورہا ہے۔” ان کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔مسٹر کرلوسکر 2019-20 کے دوران کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے صدر تھے اور فی الحال CII مینوفیکچرنگ کونسل، کونسل آف سی آئی آئی ٹریڈ فیئر اور ہائیڈروجن ٹاسک فورس کے چیئرمین کے عہدے پر فائز تھے۔ انہوں نے میساچسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، امریکہ سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی تھی۔ اس کے بعد، انہوں نے خاندانی کاروبار میں، خاص طور پر پروڈکشن انجینئرنگ میں کام کرنا شروع کیا۔وہ بنگلور میں سنٹرل مینوفیکچرنگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ سال 2013-15 کے دوران سوسائٹی آف انڈین آٹوموبائل مینوفیکچررز کے صدر کے طور پر بھی منتخب ہوئے تھے۔مسٹر کرلوسکر کی موت پر صنعتی وکاروباری دنیا کے ساتھ ہی مختلف سیاسی حلقوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کئی وزراء، سابق وزراء اور لیڈروں نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے، جن میں کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی، مرکزی وزیر نتن گڈکری، سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم اور کرناٹک کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر سی این اوستھا نارائن اور وزیر صنعت مرگیش نیرانی شامل ہیں۔

 

Related Articles