ہاکی: چھ سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کی جیت

ایڈیلیڈ، نومبر۔ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے آخری لمحات میں گول کر کے آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ بدھ کے روز 4-3 سے جیت لیا۔ہندوستان نے چھ سال میں پہلی بار آسٹریلیا کو شکست دی ہے۔ ہندوستان کی اس تاریخی جیت میں ہرمن پریت (12ویں)، ابھیشیک (47ویں)، شمشیر سنگھ (57ویں) اور آکاشدیپ (60ویں) نے گول کرکے اہم کردار ادا کیے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جیک ویلش (25ویں)، ایرون زالوسکی (32ویں) اور ناتھن فرومس (59ویں) نے گول کئے۔جیت کا سہرا گول کرنے والوں کے ساتھ ہی گول کیپر پی آر سری جیش کو جاتا ہے، جنہوں نے اہم موڑ پر شاندار بچاؤ کیا۔میچ کے تیسرے کوارٹر کے اختتام تک ہندوستان 2-1 سے پیچھے تھا لیکن چوتھے کوارٹر کے شروع میں ابھیشیک کا گول ٹیم کو میچ میں واپس لے آیا۔ میچ میں صرف چار منٹ باقی تھے کہ اسکور 2-2 سے برابر ہونے پر شمشیر نے پنالٹی کارنر کو تبدیل کرکے ہندوستان کو ایک گول کی برتری دلادی۔اگلے ہی منٹ میں آسٹریلیا کو پنالٹی کارنر بھی ملا۔ لیکن گول کیپر پی آر سریجیش نے شاندار دفاع کرتے ہوئے انہیں گول کرنے نہیں دیا۔ میچ میں صرف 75 سیکنڈ باقی تھے، آسٹریلیا نے ایک اور پنالٹی کو تبدیل کرکے اسکور 3-3 سے برابر کردیا، لیکن آخری لمحات میں آکاش کے گول نے ہندوستان کی جیت پر مہر ثبت کردی۔ یہ 2016 کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کی پہلی جیت ہے۔ اس سے قبل ہندوستان نے 2016 میں کھیلے گئے ہاکی میچ میں آسٹریلیا کو 3-2 سے شکست دی تھی۔سیریز میں پہلے دو میچ ہارنے کے بعد ہندوستان نے یہ میچ جیت کر پانچ میچوں کی سیریز میں اپنی امید قائم رکھی۔ سیریز کا چوتھا میچ ہفتہ کے روز کھیلا جائے گا۔

Related Articles