میری شبیہ بگاڑنے میں ہورہے ہزاروں روپے خرچ کا مجھے ہورہا ہے فائدہ: راہل

نئی دہلی، نومبر ۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے ان کی شبیہ کو خراب کرنے پر ہزاروں کروڑ روپے خرچ کیے ہیں، لیکن انہیں نقصان ہونے کے بجائے اس سے فائدہ ہورہا ہے۔کنیا کماری سے کشمیر تک 3500 کلومیٹر سے زیادہ طویل بھارت جوڑو یاترا کے 82 ویں دن پیر کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ بی جے پی نے اب تک ان کی شبیہ کو خراب کرنے میں ہزاروں کروڑ روپے ضائع کیے ہیں۔ اس میں بی جے پی کے لیے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ اتنا خرچ کرنے کے باوجود ان کی شبیہ خراب ہونے کے بجائے بہتر ہو رہی ہے اور بی جے پی کی اس کوشش سے انہیں زیادہ فائدہ ہورہا ہے۔انہوں نے بی جے پی کی طرف سے ہورہے حملوں کی وجہ سے حاصل ہونے والے فائدے کو بتاتے ہوئے کہا کہ سچ ان کے ساتھ ہے اور سچ کو ہلا یا مٹایا نہیں جا سکتا، اس لیے سچائی پر ہورہے حملوں سے انہیں فائدہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا ’’بی جے پی مجھ پر ذاتی حملہ کر رہی ہے۔ ایسے حملوں کی خاص بات یہ ہے کہ جب آپ بڑی طاقتوں سے لڑیں گے تو آپ پر ذاتی حملے ضرور شروع ہو جائیں گے۔ بی جے پی مجھ پر ذاتی حملے کر رہی ہے۔ میری شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ حملے میرے لیے یہ سیکھنے کا ایک موقع ہیں کہ اب کس راستے پر جانا ہے اس لیے یہ کہہ رہا ہوں ان ذاتی حملوں سے مجھے فائدہ ہو رہا ہے۔ میں آر ایس ایس بی جے پی کی سوچ کو ٹھیک سے سمجھ رہا ہوں اور صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہوں۔کانگریس لیڈر نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر حکومت کو سختی سے چلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ایک متحرک ملک ہے اور یہاں سختی سے حکومت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس سختی سے حکومت کر رہے ہیں۔ ملک کو عوام کے مطابق چلایا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کو بی جے پی اور آر ایس ایس کے مطابق نہیں چلنا چاہئے بلکہ ملک کو اس طرح چلایا جانا چاہئے جس طرح سے لوگ ملک کو چلانا چاہتے ہیں۔

Related Articles