تلنگانہ ہائی کورٹ نے بنڈی سنجے کی یاترا کی اجازت دیدی

حیدرآباد, نومبر۔تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کو ریاستی ہائی کورٹ نے پدایاترا کی اجازت دے دی جن کو گذشتہ روز پولیس نے یاترا کی اجازت دینے سے انکارکرتے ہوئے حراست میں لے لیا تھا۔ وہ نرمل ضلع کے حساس بھینسہ ٹاون سے یاترا شروع کرنے والے تھے۔اس مقصد کے لئے پہنچنے پر جگتیال ضلع کے وینکٹا پور مضافاتی علاقہ میں پولیس نے انہیں روک دیا تھا۔پولیس کی جانب سے اس یاترا کی اجازت دینے سے انکار کے خلاف بنڈی سنجے ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے جس نے ان کو اس یاترا کی مشروط اجازت دے دی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے ایڈوکیٹ رامچندر راؤ نے دلائل پیش کئے۔عدالت میں روٹ میپ کی تفصیلات جمع کراتے ہوئے کہا گیا کہ یہ یاترا حساس بھینسہ ٹاؤن سے نہیں گزرے گی۔درخواست گذار نے کہاکہ بھینسہ میں وائی جنکشن تک یاترا جاری رہے گی۔ ہائی کورٹ نے سوال کیا کہ یاترا کوبھینسہ ٹاون میں جانے کی اجازت کیوں نہیں جا رہی ہے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے، ایڈوکیٹ جنرل (اے جی) نے حکومت کی طرف سے دلائل پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ علاقہ حساس ہے۔اس علاقہ میں یاترا سے لااینڈ آرڈر کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد بنڈی سنجے کی پد یاترا کی اجازت دیدی۔

Related Articles