اوڈیشہ ٹرین حادثہ: مرنے والوں کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے ایکس گریشیا

بھونیشور، نومبر۔ اڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے پیر کی صبح کوریئی اسٹیشن پر ٹرین حادثے میں لوگوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے ایکس گریشیا کے طور پر دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو راحت اور بچاؤ کاموں میں تیزی لانے اور زخمیوں کو مناسب علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ریونیو اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی وزیر پرمیلا ملک سے کہا کہ وہ جائے وقوعہ کا دورہ کریں اور صورتحال کا جائزہ لیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق، پیر کی صبح 6.45 بجے اڈیشہ کے جاجپور ضلع کے کوریئی اسٹیشن پر مال گاڑی کی آٹھ بوگیاں پٹڑی سے اترنے سے کم از کم دو افراد کی موت اور متعدد زخمی ہو گئے۔ حادثے میں کوریئی اسٹیشن کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ایسٹ کوسٹ ریلوے (ای سی او آر) نے آج آٹھ ٹرینوں کو منسوخ کر دیا، پانچ کو جزوی طور پر منسوخ کیا اور کئی لمبی دوری کی ٹرینوں کا رخ موڑ دیا۔ ریلوے نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو ایک لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو پچیس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

Related Articles