مائیکل جارڈن: امریکی سپورٹس لیجنڈ کی جرسی ریکارڈ 10.1 ملین ڈالر میں نیلام

نیویارک،ستمبر۔باسکٹ بال کی دنیا کے امیر ترین اور پسندیدہ کھلاڑی مائیکل جارڈن ایک بار پھر خبروں میں ہیں اور اس کی وجہ ہے سنہ 1998 کے این بی اے فائنلز کے افتتاحی میچ میں پہنے جانے والی ان کی جرسی، جو ریکارڈ 10.1 ملین ڈالر (تقریباً ایک کروڑ ڈالر) میں نیلام ہوئی ہے۔یہ کھیلوں کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کی فروخت ہونے والی مہنگی ترین یادگار ہے۔اس جرسی کو نیلام کرنے والے ’سوتھبے‘ نامی نیلام گھر کا کہنا ہے کہ اس جرسی کی نیلامی نے شائقین اور یادگار جمع کرنے والے افراد میں ’بہت زیادہ جوش‘ پیدا کیا۔یہ جرسی باسکٹ بال کے ایک میچ کی یاد تازہ کرتی ہے، جسے نیٹ فلکس نے ’دی لاسٹ ڈانس‘ نامی ڈاکیومنٹری میں بھی دکھایا، جس میں جارڈن نے اپنے چھٹا اور آخری این بی اے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔نیلام گھر کے مطابق جارڈن کی جرسی کی مجموعی طور پر 20 بولیاں لگی تھیں۔اس نیلام گھر میں معروف ملبوسات کے شعبے کے سربراہ براہم واچر کا کہنا تھا کہ بولی کنندہ تاریخ کے اس نایاب حصے کے مالک بننے کے لیے پرجوش تھے۔واچر نے کہا کہ ’جرسی کی ریکارڈ قیمت پر نیلامی نے ایک بار پھر اس بات پر مہر ثبت کر دی کہ مائیکل جارڈن بلاشبہ کھیل کی دنیا کے مقبول ترین کھلاڑی ہیں اور ان کی تقریباً 25 سالہ پرانی میراث آج بھی اتنی ہی مقبول اور اہم ہے۔‘مائیکل جارڈن کی جرسی کی نیلامی نے فٹبال سٹار کھلاڑی ڈیگو میراڈونا کی 9.28 ملین ڈالر میں فروخت ہونے والی جرسی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے، جو انھوں نے سنہ 1986 کے ورلڈ کپ میں پہنی تھی۔جارڈن کو باسکٹ بال کی تاریخ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا جاتا ہے۔ انھوں نے اپنے کریئر کا بیشتر حصہ شکاگو بلز ٹیم کے ساتھ گزارا اور عالمی آئیکون بن گئے اور انھوں نے دنیا بھر میں نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن (این بی اے) کی شناخت کروائی۔اگرچہ سنہ 1998 کا یہ افتتاحی میچ شکاگو بلز کی ٹیم اوٹاہ جاز سے ہار گئی تھی مگر شکاگو بلز نے اگلے تینوں میچ جیتے اور پھر اوٹاہ جاز اگلا میچ دو پوائنٹس سے جیت گئی تھی۔چھٹے میچ میں جارڈن نے آخری 5.2 سیکنڈز میں شکاگو بلز کے لیے فیصلہ کن پوائنٹس سکور کر کے اسے 87 کے مقابلے میں 89 پوائنٹس سے فتح دلا دی تھی اور این بی اے فائنل کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔جارڈن کا اس ڈرامائی انداز میں کھیل میں واپس آنا اور جیتنا دنیا بھر کے شائقین میں بہت زیادہ سراہا گیا تھا۔مائیکل جارڈن نے سات ٹائٹلز جیت رکھے ہیں اور شکاگو بلز کو تین مرتبہ لگاتار چیمپیئن شپ میں فتح دلوائی۔مائیکل جارڈن سنہ 2003 میں باسکٹ بال کیریئر سے سبکدوش ہو گئے تھے۔جارڈن نے کہا تھا کہ ’میں نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ جب جذبہ اور بطور باسکٹ بال کھلاڑی کچھ منوانے کا احساس ختم ہو جائے تو یہ وقت چھوڑنے کا ہے۔‘

Related Articles