تلنگانہ کے سکندرآباد میں ای بائک شوروم میں آتشزدگی، آٹھ افراد ہلاک

حیدرآباد، ستمبر۔ تلنگانہ میں حیدرآباد سے متصل سکندرآباد میں ایک کثیر المنزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر واقع ای بائک شوروم میں پیر کی رات آگ لگنے سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوگئے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ای بائک شوروم میں آگ تقریباً 23.00 بجے لگی اور اوپری منزل پر واقع ایک لاج کو اپنی زدمیں میں لے لیا۔ واقعہ کے وقت تقریباً 25 سیاح لاج میں ٹھہرے ہوئے تھے۔موقع پر پہنچے حیدرآباد کے پولیس کمشنر سی وی آنند نے بتایا کہ آگ لگنے سے آٹھ سیاح ہلاک ہوگئے جبکہ چھ دیگر زخمی ہوئے جب انہوں نے اپنی جان بچانے کی کوشش میں لاج سے نیچے کودنے کی کوشش کی۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ باقی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ موقع پر پہنچنے والے فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پالیا اور لاج میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالا۔ آگ لگنے کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیر داخلہ محمد محمود علی اور وزیر تلاسانی سرینواس یادو بھی موقع پر پہنچ گئے۔

Related Articles