اننت ناگ کے چندن واری پہلگام میں سڑک حادثہ

7 آئی ٹی بی پی اہلکار از جان 30 دیگر زخمی

سری نگر،اگست۔ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے پہلگام علاقے میں منگل کو ایک سڑک حادثے میں انڈو تبتین بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے کم سے کم 7 اہلکار از جان جبکہ 30 دیگر زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس ذرائع نے اس حادثے کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اننت ناگ کے چندن واری پہلگام کے نزدیک پیش آنے والے سڑک حادثے میں آئی ٹی بی پی کے7 اہلکار جان بحق ہوگئے۔ٹویٹ میں کہا گیا کہ اس حادثے میں کئی دیگر زخمی ہوگئے جنہیں علاج و معالجے کے لئے فوجی ہسپتال سری نگر ائیر لفٹ کیا جا رہا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فوج اور مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو فوری طورپر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے نازک زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ ریفر کیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ حادثے میں شدید طورپر زخمی ہوئے اہلکاروں کو فوجی ہسپتال بادام باغ منتقل کیا گیا جہاں پر آٹھ اہلکاروں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔آئی ٹی بی پی کے ڈائریکٹر جنرل ’ایس ایل تھیوسن‘ نے چندن وارڈی میں پیش آئے حادثے کے بارے میں بتایا کہ منگل کی صبح چندن وارڈی سے پہلگام کی طرف جارہی ایک بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا جس دوران زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اُن کے مطابق حادثے میں شدید طورپر زخمی ہوئے آٹھ اہلکاروں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فوجی ہسپتال بادامی باغ منتقل کیا گیا جبکہ باقی زخمیوں کا علاج ومعالجہ گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں چل رہا ہے۔

Related Articles