شیئر مارکیٹ کے بگ بل راکیش جھنجھنوالا کا انتقال

ممبئی، اگست۔ہندوستان کی مشہور سرمایہ کار اور کاروباری شخصیت راکیش جھنجھنوالا کا اتوار کی صبح یہاں برچ کینڈی اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 62 برس تھی۔ چالیس ہزار کروڑ روپے کے اثاثوں کا انتظام کرنے والے مسٹر جھنجھنوالا،گزشتہ ہفتے آکاسا ایئر لائن کے آغاز کے ساتھ ہوا بازی کے شعبے میں قدم رکھا تھا۔ انہیں آخری بار آکاسا کی افتتاحی تقریب میں عوام میں دیکھا گیا تھا۔ مسٹر جھنجھنوالا بگ بل کے نام سے بھی مشہور تھے۔ان کی موت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ مسٹر جھنجھنوالا ایک بے مثال بہادر آدمی تھے۔ مسٹر مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا، "مسٹر راکیش جھنجھنوالا ایک بے مثال باہمت کاروباری آدمی تھے۔ وہ بہت زندہ دل، ذہین اور گہری بصیرت کے مالک تھے۔ انہوں نے مالیاتی شعبے میں انمٹ کردار ادا کیا ہے۔ وہ ہندوستان کی ترقی کے بارے میں جذباتی تھے۔ ان کا انتقال انتہائی غمناک ہے۔ ان کے اہل خانہ اور مداحوں سے میری تعزیت”۔

Related Articles