پنچایت سطح پر ہوں گی کوآپریٹو سوسائٹیاں: شاہ

نئی دہلی، اگست۔کوآپریٹیو اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کو آپریٹیو کے ذریعے زرعی قرضوں کی تقسیم میں گرتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ حکومت پنچایت سطح پر کوآپریٹو سوسائٹیوں کو وسعت دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔یہاں دیہی کوآپریٹیو بینکوں کی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ 1992 سے کوآپریٹیو کے ذریعے زرعی قرضوں کی تقسیم میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اس پر نیشنل بینک فار ایگریکلچر اینڈ رورل ڈیولپمنٹ – نابارڈ کی رپورٹ میں بھی بات کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 13 کروڑ لوگ پیکس کے ممبر ہیں اور 65 ہزار پی اے سی ایس اچھا کام کر رہے ہیں۔ کسانوں کو پیکس کے ذریعے 2 لاکھ کروڑ روپے کا زرعی قرضہ ملتا ہے، جسے بڑھا کر 10 لاکھ کروڑ روپے کرنے کا ہدف رکھا جانا چاہیے۔کو آپریٹیو کے وزیر نے کہا کہ دیہی کوآپریٹیو بینکوں سے براہ راست کسانوں کو زیادہ سے زیادہ قرض حاصل ہو، اس کے لیے منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ دیہی کوآپریٹیو بینکوں سے کسانوں کو درمیانی اور طویل مدتی قرضے فراہم کرنے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سمت میں تیزی سے کوششیں کی جا رہی ہیں کہ ملک بھر میں پیکس کا مینوئل ہو اور اس حوالے سے 15 دنوں میں فیصلہ کر لیا جائے گا۔پیکس کو کوآپریٹیو کی روح قرار دیتے ہوئے جناب شاہ نے کہا کہ اس کے بغیر زرعی قرض کا نظام صحیح نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تقریباً تین لاکھ گرام پنچایتیں ہیں، جن میں سے تقریباً دو لاکھ پنچایتوں میں پیکس کی تشکیل ہونی ہے۔ پیکس کے کام میں شفافیت لانے اور لوگوں کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے ان کا کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے اور اس کے لیے حکومت نے 2500 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوآپریٹیو کے ذریعے معاشرے کے آخری فرد کی معاشی ترقی کی جا سکتی ہے۔ ملک بھر میں ساڑھے آٹھ لاکھ کوآپریٹو ادارے ہیں اور 34 ریاستی کوآپریٹو بینکوں کی 2000 شاخوں کے ذریعے زرعی قرضے تقسیم کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ریاستوں میں کوآپریٹو پھلی پھولی، کچھ ریاستوں میں یہ جدوجہد کر رہی ہے اور کچھ ریاستوں میں یہ کتابوں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوآپریٹیو کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے اور اس کے ذریعے نہ صرف زرعی قرضے تقسیم کیے جائیں گے بلکہ گیس کی تقسیم، پانی کی تقسیم، کسان پروڈیوسر تنظیم، ذخیرہ کرنے اور تقسیم کا کام بھی کیا جائے گا۔

 

Related Articles