شاہین نے ٹیسٹ رینکنگ میں بمراہ کو پیچھے چھوڑا

دبئی، جولائی۔پاکستان کے نوجوان تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ہندوستان کے جسپریت بمراہ کو پیچھے چھوڑ کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بدھ کو جاری کردہ آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق، آفریدی836 کی کیرئیر کی بہترین ریٹنگ کے ساتھ ٹیسٹ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں، جب کہ بمراہ 828 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ آفریدی نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں چار وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کے ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز 891 ریٹنگ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ روی چندرن ایشون 842 ریٹنگ کے ساتھ دوسرے ٹیسٹ بولر ہیں۔ اس دوران پاکستان کے کپتان بابر اعظم بھی کھیل کے تینوں فارمیٹس میں نمبر ون بلے باز بننے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں طویل عرصے سے سرفہرست رہنے والے بابر نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کے ساتھ ٹیسٹ رینکنگ میں بھی بہتری لائی ہے۔ بابر نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 119 اور دوسری اننگز میں 55 رنز بنائے جس کی وجہ سے وہ کیریئر کی بہترین 874 ریٹنگ کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے سرفہرست بلے باز جو روٹ تاہم 923 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، جب کہ آسٹریلیا کے مارنس لیبوشین 885 پوائنٹس کے ساتھ ان سے پیچھے ہیں۔ بابر نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ ان کا خواب تینوں فارمیٹس میں نمبر ون بلے باز بننا ہے، البتہ روٹ اور لیبوشگن کی شاندار فارم کی وجہ سے انہیں اس کے لیے انتظار کرنا پڑے گا۔ جنوبی افریقی وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کاک نے ون ڈے رینکنگ میں چھلانگ لگائی ہے جس سے ہندوستانی کپتان روہت شرما اور وراٹ کوہلی ایک ایک مقام نیچے آگئے ہیں۔ ڈی کاک نے جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان بارش سے متاثرہ تیسرے ون ڈے میں ناٹ آؤٹ 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس سے وہ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران آرام کررہے کوہلی اور روہت کی رینکنگ متاثر ہوئی۔ جہاں کوہلی 774 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، وہیں روہت 770 ریٹنگ کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔

Related Articles