مغرب ورلڈ آرڈر کو بچانے کیلئے کوشاں، انقلابی تبدیلیاں آئینگی، روسی صدر

ماسکو ،جولائی۔ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ دنیا میں بہت بڑی انقلابی تبدیلیاں آنے والی ہیں اور صرف خود مختار ریاستیں ہی تبدیل شدہ ماحول میں کامیاب ہو پائیں گی۔ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ انتہائی انقلابی اور بہت بڑی تبدیلیوں کے نتیجے میں ایک نیا اور ہم آہنگ، کمیونٹی پر توجہ مرکوز رکھنے والا اور محفوظ عالمی نظام (ورلڈ آرڈر) جنم لے گا، اس نئے دور میں صرف وہی ریاستیں اپنی متحرک ترقی اور نمو کو بہتر بنا پائیں گی جو خود مختار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’خود مختار‘‘ سے ان کا مطلب ایک ایسی ریاست جو قومی ترقی کے معاملے میں آزاد ہو اور اس طرح ہر شخص انفرادی سطح پر اپنی ترقی کیلئے بھی آزاد ہوگا، ایسے ماحول میں ٹیکنالوجی، ثقافتی، دانشورانہ، تعلیمی میدان میں سب کو مواقع میسر ہوں گے اور ایک ذمہ دار، متحرک اور قومی سطح پر موزوں ذہن رکھنے والی قوم اور سول سوسائٹی جنم لے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب بات معیار زندگی، روایتی اقدار کے تحفظ اور اعلیٰ ترین انسانی معیارات کی آئے گی تو ایسی ریاستیں دوسرے ممالک کیلئے ایک مثال ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دنیا مغرب کے زیر تسلط ورلڈ آرڈر کے برعکس ہوگی، مغربی ورلڈ آرڈر ہماری تہذیب کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک نسل پرست اور نو آبادیاتی سوچ کے مالک ہیں اور یہ ممالک تیزی سے مطلق العنانیت کی طرف بڑھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک پوری کوشش کر رہے ہیں کہ ان کا ورلڈ آرڈر کسی طرح بچ جائے لیکن تبدیلی اب ناگزیر ہے۔

Related Articles