شکیرا اور جیرارڈ کے درمیان علیحدگی، اسٹار جوڑی کی تصدیق

نیویارک،جون(پی ایس آئی)فٹبال اور موسیقی کی دنیا کے نامور اسٹارز ہسپانوی فٹبالر جیرارڈ پیک اور کولمبیئن گلوکارہ شکیرا نے علیحدگی کی تصدیق کردی۔ خیال رہے کہ دونوں سے متعلق بتایا جارہا تھا کہ جیرارڈ کی جانب سے مبینہ طور پر دھوکا دیے جانے کے بعد شکیرا جلد ان سے علیحدگی کا اعلان کردیں گی۔ تاہم اب دونوں کی پی آر ایجنسی نے ایک بیان کے ذریعے تصدیق کی ہے کہ جیرارڈ اور شکیرا میں علیحدگی ہوگئی ہے۔ پی آر ایجنسی نے دونوں کا مشترکہ بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ "ہمیں یہ بتاتے ہوئے پشیمانی ہو رہی ہے کہ آج ہم علیحدہ ہو رہے ہیں۔”ساتھ میں انہوں نے اپنے بچوں کے حوالے سے مداحوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ "بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے، جو ہماری اولین ترجیح ہیں، ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے”خیال رہے کہ شکیرا اور جیرارڈ پیک 12 سال سے ایک ساتھ ہیں، ان کی ملاقات 2010 کے فیفا ورلڈ کپ کے دوران جنوبی افریقہ میں ہوئی تھی۔کولمبیئن گلوکارہ نے ٹورنامنٹ کا تھیم سانگ ’واکا واکا‘ گایا تھا، جس نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ ماہ کے اواخر میں اپیل مسترد ہونے کے بعد شکیرا کو اس وقت اسپین میں مبینہ ٹیکس فراڈ کا سامنا ہے۔پراسیکیوٹرز کا دعویٰ ہے کہ کولمبیئن گلوکارہ پر 2012 سے 2014 کے درمیان اپنی آمدن پر ایک کروڑ 45 لاکھ یورو ٹیکس واجب الادا ہیں۔ دوسری جانب شکیرا کی قانونی ٹیم کا کہنا ہے کہ وہ اس کیس میں ٹھوس قانونی دلائل کے ساتھ دفاع جاری رکھیں گے۔

Related Articles