سانسیں روک دینے والے مناظر سے بھرپور ’مشن امپاسیبل 7‘ آئندہ سال ریلیز ہوگی

لاس اینجلس،مئی ۔ طویل تاخیر کے بعد بلآخر سانسیں روک دینے والے خطرناک اسٹنٹس سے بھرپور ایکشن جاسوس فلم سیریز ’مشن امپاسیبل‘ کی ساتویں فلم کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا۔ابتدائی طور پر ’مشن امپاسیبل 7‘ کو رواں برس جون میں ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث اس کی شوٹنگ بار بار ملتوی ہوئی، جس وجہ سے اب اس کا پہلا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ سال ریلیز کرنے کی تصدیق کردی گئی۔دو منٹ سے کم دورانیے کے ٹریلر میں ٹام کروز کے علاوہ فلم کی دیگر مرکزی کاسٹ کو بھی دکھایا گیا ہے، تاہم اس سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے۔جاسوس فرنچائز فلم کے ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ ممکنہ طور پر اس بار فلم میں بائیولاجیکل جنگ کو روکنے کی جنگ لڑی جائے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔نئی فلم کے ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ اس بار شائقین کو ماضی کی تمام ’مشن امپاسیبل‘ فلموں سے زیادہ خطرناک سین دیکھنے کو ملیں گے، جنہیں دیکھ کر شائقین سانسیں روکنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ٹریلر میں ٹام کروز کی جانب سے کیے گئے کچھ خطرناک اسٹنٹس کی جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں، جن میں سے ان کی جانب سے بائیک کو پہاڑوں سے نیچے گرانے کا مںظر بھی شامل ہے۔’مشن امپاسیبل 7‘ کی فلم کا نام ’ڈیڈ ریکننگ‘ پارٹ ون رکھا گیا ہے، جسے 14 جولائی 2023 کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، ساتھ ہی بتایا گیا ہے کہ اسی فلم کا دوسرا حصہ جولائی 2024 میں ریلیز کیا جائے گا، جس کی شوٹنگ گزشتہ ماہ ہی شروع کی گئی ہے۔آئندہ سال جولائی میں ریلیز ہونے والی سیریز کی ساتویں فلم ہوگی جب کہ 2024 کو اس کی آٹھویں فلم سامنے آئے گی۔’مشن امپاسیبل‘ کی چھٹی فلم 2018 میں ریلیز کی گئی تھی اور اس کی شوٹنگ کے دوران بھی کئی خطرناک مناظر کے دوران خود ٹام کروز بھی زخمی ہوگئے تھے۔اس سیریز کی پہلی فلم مشن امپاسیبل کے نام سے 1996 میں آئی تھی، دوسری چار سال بعد سال 2000، تیسری 2006، چوتھی 2011، پانچویں فلم 2015 میں اور چھٹی فلم 2018 میں مشن امپاسیبل: فال آؤٹ کے نام سے ریلیز کی گئی تھی۔سیریز کی ساتویں فلم مین ٹام کروز کے ساتھ اداکارہ ربیکا فرگوسن، شائے وگم، ہائلے ایٹویل، سائمن پیگ اور ہینری زیمی سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ساتویں فلم کی ہدایات کرسٹوفر مک کیری دے رہے ہیں اور اسے ٹام کروز خود ہی پروڈیوس کر رہے ہیں جو کئی سال سے اس سیریز کو پروڈیوس کرتے آ رہے ہیں۔

Related Articles