مسٹر سبل ایس پی کا پرساد کیسا لگا: جتن

نئی دہلی/ لکھنؤ، مئی۔سابق مرکزی وزیر کپل سبل کے کانگریس چھوڑ کر سماج وادی پارٹی (ایس پی) سے ہاتھ ملاکر راجیہ سبھا کی نشست حاصل کرنے پر ایک سال قبل کانگریس چھوڑ کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہوئے اترپردیش کے وزیر جتن پرساد نے طنز کرتے ہوئے پوچھا کہ انہیں ایس پی سے ملے پرساد کا ذائقہ کیسا لگا؟ دراصل مسٹر جتن پرساد کانگریس چھوڑ کر 10 جون 2021 کو بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے اور اس وقت مسٹر سبل نے ٹوئٹ کر کے اس کی تنقید کی تھی – “جتن پرساد بی جے پی میں شامل ہو ئے۔ سوال یہ ہے کہ کیا انہیں بی جے پی سے ’پرساد‘ ملے گا یا انہیں صرف اتر پردیش کے انتخابات کے لیے پھنسایا گیا ہے۔ اس طرح کے سودوں میں اگر نظریے کی فکر نہ ہو تو تبدیلی آسان ہوتی ہے۔ مسٹر سبل کے ٹویٹ سے غالبآ مسٹر پرساد کو ایک جذباتی دھچکا لگا تھا۔ آج جب مسٹر سبل کے راجیہ سبھا انتخابات میں ایس پی کی حمایت سے کاغذات نامزدگی بھرنے کی خبر آئی تو یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں تعمیرات عامہ کے وزیر مسٹر پرساد خود کو روک نہیں سکے اور انہوں نے ایک سال پرانے مسٹر سبل کے ٹوئٹ کے جواب میں لکھا – پرساد کیسا لگا مسٹر سبل؟ دیکھتے ہی دیکھتے یہ ٹویٹ ٹرینڈ کرنے لگا اور ڈیڑھ گھنٹے کے اندر 14 ہزار سے زائد لوگوں نے اسے لائک کیا اور ساڑھے تین ہزار سے زائد لوگوں نے اسے ری ٹویٹ کیا۔

Related Articles