فلم ’میں ہوں نا‘ میں کام کرنے سے قبل شاہ رخ نے زید خان کو کیا کہا تھا؟

ممبئی،مئی۔فلم ’میں ہوں نا‘ میں کام کرنے سے قبل شاہ رخ نے زید خان کو کیا کہا تھا؟ اس حوالے سے اداکار نے دلچسپ کہانی سنا دی۔ ایک انٹرویو کے دوران زید خان کا کہنا تھا کہ فلم ’میں ہوں نا‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے دوران میرے ساتھ ایک دلچسپ تجربہ ہوا تھا، وہ یہ تھا کہ شاہ رخ نے مجھ سے سوال کرلیا کہ ’تمہیں اداکاری آتی بھی ہے کیا؟‘ سال 2004 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میں ہوں نا‘ میں شاہ رخ خان اور زید خان نے ہی مرکزی کردار نبھایا تھا۔اس فلم کے ذریعے فرح خان نے ہدایت کاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا، فلم میں نصیر الدین شاہ، امریتا راؤ، سنیل شیٹی اور سشمیتا سین سمیت دیگر بڑے فنکاروں نے کام کیا تھا۔زید خان نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2003 میں فلم ’چرالیا ہے تم نے‘ سے کیا جس میں ان کے مقابلے میں ایشا دیول بطور ہیروئین سامنے تھیں۔انٹرویو کے دوران زید خان نے بتایا کہ وہ فرح خان کو ’چرالیا ہے تم نے‘ کے گانے کو کوریو گرافر کے طور پر راضی کرنے کی کوشش کر رہے تھے، اور اسی دوران انہیں فرح کی جانب سے اپنی فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ میں اپنی فلم ’چرالیا ہے تم نے‘ کے گانے کی کوریو گرافی کے لیے فرح خان سے ملنے گیا اس وقت وہ مجھے ٹھیک سے نہیں جانتی تھیں اور اس وقت میں ہمیشہ اپنا تعارف مسٹر سنجے خان کے بیٹے اور فردین خان کے کزن کے طور پر کرواتا تھا، کیونکہ اس وقت لوگ مجھے نہیں جانتے تھے۔زید خان نے بتایا کہ اس وقت فرح خان نے مجھے اپنے ساتھ آنے کو کہا، جب میں ان کے آفس پہنچا تو میں فرح خان کے نہیں بلکہ شاہ رخ خان کے آفس میں تھا، مجھے نہیں پتا تھا میں یہاں پر کیوں ہوں، اس وقت فرح خان نے مجھ سے پوچھا کہ آج کل آپ کیا کر رہے ہو، میں نے کہا آج کل میں ایک فلم کر رہا ہوں تو فرح خان نے مجھ سے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تم فلم ’میں ہوں نا‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ ایک کردار میں کام کرو۔انہوں نے مزید بتایا کہ شاہ رخ خان نے مجھے پکڑ کر اپنے ساتھ بٹھا لیا اور کہا ’کیسے ہو زید؟ ہم اپنی فلم کے دوسرے مرکزی کردار کے لیے ایک فنکار کو ڈھونڈ رہے ہیں اور فرح نے بتایا ہے کہ تم اس کے لیے بہترین ہو سکتے ہو، لیکن بھائی ایک بات تو بتاؤ کہ کیا تمہیں اداکاری آتی ہے نا؟‘زید خان کا کہنا تھا کہ میں ان کا سوال سن کر تھوڑا پریشان ہوگیا تھا اور تیزی سے سر ہلاتے ہوئے جواب دینا چاہتا تھا کہ میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں اداکاروں کے خاندان میں پیدا ہوا ہوں تو اداکاری میرے خون میں شامل ہے، لیکن میں نے کہا کہ یار میں اداکاری کے لیے ہی پیدا ہوا ہوں۔

 

Related Articles