راہل کی سنچری، ممبئی کی مسلسل چھٹی شکست

ممبئی، اپریل۔ کپتان لوکیش راہل (ناٹ آؤٹ 103) کی بدولت لکھنؤ سپر جائنٹس نے ہفتہ کو اپنے آئی پی ایل میچ میں ممبئی انڈینس کو 18 رنز سے شکست دے کر مسلسل چھٹی شکست دی۔ لکھنؤ نے 20 اووروں میں چار وکٹ پر 199 کا مضبوط اسکور بنایا اور ممبئی کو نو وکٹ پر 181 رن پر روک کر چھ میچوں میں چوتھی جیت حاصل کی اور دوسرے نمبر پر پہنچ گئی۔ اس میچ میں بھی ممبئی کی خراب فارم برقرار رہی اور کپتان روہت شرما کے سستے میں آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم مقابلہ نہیں کرسکی۔ لکھنؤ کے کپتان راہل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ راہل نے 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر تھرڈ مین پر چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی۔ راہل نے اپنی تیسری آئی پی ایل سنچری اور ممبئی کے خلاف اپنی دوسری سنچری بنائی۔ راہل آئی پی ایل میں اپنے 100ویں میچ میں سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔ راہل نے 60 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 103 رنز میں نو چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔ کلنٹن ڈی کاک نے 24، منیش پانڈے نے 29 گیندوں پر 38، دیپک ہڈا نے 15 اور مارکس اسٹونیس نے 10 رنز بنائے۔ راہل نے ڈی کاک کے ساتھ اوپننگ پارٹنرشپ میں 52 رنز جوڑے، جب کہ انہوں نے منیش پانڈے کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 72 رنز کی شراکت داری کی۔ راہل نے اسٹوئنس کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 31 اور ہڈا کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے 43 رن جوڑے۔ ڈی کاک، اسٹوئنس اور ہڈا نے اپنی اننگز میں ایک ایک چھکا لگایا۔ ایک بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پانچ بار کی چمپئن ممبئی نے روہت کو 16 کے اسکور پر کھو دیا۔ روہت صرف چھ رنز بنا سکے۔آئی پی ایل کے سب سے مہنگے کھلاڑی ایشان کشن 17 گیندوں میں 13 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ڈیولڈ بریوس نے 13 گیندوں میں 31 رنز، سوریہ کمار یادو نے 27 گیندوں میں 37 رنز، تلک ورما نے 26 گیندوں میں 26 اور کیرون پولارڈ نے 14 گیندوں میں 25 رنز بنائے۔ لکھنؤ نے یہ میچ 18 رنز سے جیت لیا۔ لکھنؤ کے لیے تیز گیند باز اویش خان نے چار اوور میں 30 رن دے کر تین وکٹ لیے جس میں روہت کا وکٹ بھی شامل تھا۔ اویش نے ڈیوالڈ بریوس اور فیبین ایلن کی وکٹیں بھی لیں۔ ممبئی انڈینز نے اپنی آئی پی ایل کی تاریخ میں اب تک کی سب سے شرمناک شروعات کی ہے۔ ممبئی انڈینز اب اس سیزن میں لگاتار چھ میچ ہار چکی ہے، جو کہ 2014 کے مقابلے میں اور بھی برا ریکارڈ ہے۔ ممبئی نے 2014 میں اپنے پہلے پانچ میچ ہارے تھے۔ یہ تمام میچ ممبئی نے متحدہ عرب امارات میں کھیلے تھے۔ لیکن اس سیزن میں اب ممبئی کے لیے واپسی کرنا تقریباً ناممکن لگ رہا ہے۔

Related Articles