جرمنی نے روسی سفارت کاروں کی ’نمایاں تعداد‘کو ناپسندیدہ قراردے دیا

برلن،اپریل۔جرمنی نے پیرکے روز روسی سفارت خانے میں حکام کی ’’قابلِ ذکرتعداد‘‘ کو ناپسندیدہ قرار دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ برلن یوکرین کی مسلح افواج کی حمایت میں اضافہ کرے گا۔جرمن وزیرخارجہ انالینا بیربوک نے یوکرین میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کا حوالہ دیتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ بوچا کی تصاویر روسی قیادت اور اس کے پروپیگنڈے پر عمل کرنے والوں کی ناقابل یقین سفاکیت کی گواہی دیتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ’’وفاقی حکومت نے روسی سفارت خانے کے ارکان کی ایک قابل ذکر تعداد کو ناپسندیدہ قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ انھوں نے ہماری آزادی کے خلاف، ہمارے معاشرے کی ہم آہنگی کے خلاف ہر روز جرمنی میں کام کیا ہے‘‘۔جرمن وزارت خارجہ نے ملک میں 104 تسلیم شدہ روسی سفارت کاروں کی فہرست بھی جاری کی ہے۔خاتون وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ ’’ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کرمزید ردعمل کا آغاز کر رہے ہیں۔ ہم روس کے خلاف موجودہ پابندیوں کو مزید سخت کریں گے، یوکرین کی مسلح افواج کی حمایت میں فیصلہ کن اضافہ کریں گے اور ہم نیٹو کے مشرقی حصے کو بھی مضبوط بنائیں گے‘‘۔

Related Articles