پیراگوئے کے مداحوں کی تنقید، ڈوجا کیٹ کا موسیقی کو خیرباد کہنے کا اعلان

لاس اینجلس ،مارچ۔امریکی ریپر، گلوکارہ و موسیقار 26 سالہ امالا رتنا زنڈائل ڈالمنی المعروف ڈوجا کیٹ نے جنوبی امریکی ملک پیراگوئے کے مداحوں کی جانب سے تنقید کے بعد میوزک چھوڑنے کی دھمکی دے دی۔ ڈوجا کیٹ کا پیراگوئے میں موسم کی خرابی کی وجہ سے ان کا فیسٹیول منسوخ ہوگیا۔مائلی سائرس نے اپنی پوسٹ میں پیراگوئے کے مداحوں سے وہاں خراب موسم کی وجہ سے پرفارمنس نہ کرپانے پر معذرت کی تھی مگر ڈوجا کیٹ نے کوئی معذرت نہیں کی، جس پر وہاں کے لوگ گلوکارہ سے خفا دکھائی دیے۔پیراگوئے کے لوگوں کا غصہ اس وقت مزید بڑھا جب ڈوجا کیٹ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں برازیل کے ایک میوزک فیسٹیول میں اچھی پرفارمنس نہ دینے پر وہاں کے مداحوں سے معذرت کی اور ساتھ ہی وعدہ کیا کہ اب وہ دوسرے میوزک فیسٹیول میں عمدہ پرفارمنس دیں گی۔پیراگوئے کے مداحوں نے دعویٰ کیا کہ خراب موسم کی وجہ سے فیسٹیول منسوخ ہونے کے باوجود ڈوجا کیٹ نے کوئی ایک معذرت کی ٹوئٹ بھی نہیں کی اور نہ ہی پیراگوئین مداحوں کے لیے کوئی پیغام جاری کیا۔پیراگوئے کے لوگوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اگرچہ ڈوجا کیٹ کا شو منسوخ ہوا مگر اس وقت پیراگوئے میں موجود تھیں اور ان کے ہوٹل کے باہر ڈھیر سارے مداح موجود تھے مگر وہ ان سے ملنے تک نہیں آئیں اور نہ ہی پیراگوئے سے اپنی کوئی تصویر یا پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر کی۔پیراگوئے کے لوگوں کی جانب سے سخت ٹوئٹس کیے جانے کے بعد ڈوجا کیٹ نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں خود پر ہونے والی تنقید کے بعد میوزک چھوڑنے کی دھمکی دی۔ڈوجا کیٹ نے متعدد ٹوئٹس میں لکھا کہ ’ان کے لیے سب کچھ ختم ہوچکا، وہ میوزک سے الگ ہو رہی ہیں‘۔انہوں نے واضح طور پر میوزک سے الگ ہونے کا لفظ استعمال کیا مگر یہ وضاحت نہیں کی کہ وہ مختصر طور پر اپنے حالیہ جنوبی امریکی شوز سے الگ ہو رہی ہیں یا ہمیشہ کے لیے میوزک کو خیرباد کہہ رہی ہیں۔

Related Articles