روسی فوج کے یوکرینی صدر پر تین قاتلانہ حملے

واشنگٹن،مارچ۔یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی پر گزشتہ ہفتے میں روس نے 3 قاتلانہ حملے کیے جس میں وہ بال بال بچ گئے۔برطانوی اخبار دی ٹائمز کے مطابق روسی فوج کے خصوصی دستے نے یوکرین میں صدر ولادیمیر زیلنسکی کو تین بار نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم ہر بار یوکرینی صدر حملے سے چند لمحوں پہلے بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔دی ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ روس نے یوکرینی صدر کو قتل کرنے کے لیے دو ٹیمیں بھیجی ہیں جن میں ایک ٹیم روس کی نجی ملٹری وانگر گروپ کی ہے جب کہ دوسری چیچینیا کے باغیوں کی ٹیم ہے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے بھی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو قتل کرنے کے لیے چیچینیا کی خصوصی فورس بھیجنے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ روس کی وفاقی سیکیورٹی سروس نے یوکرینی عوام کو چیچینیا کے باغیوں کی دھمکی دی ہے۔یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بھی دو روز قبل کہا تھا کہ روس کا سب سے پہلا ہدف وہ ہیں لیکن وہ خوف زدہ ہوکر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔واضح رہے کہ امریکا نے یوکرین کے صدر کو ملک سے بحفاظت نکلنے کے لیے مدد کی پیشکش کی تھی جسے انھوں نے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے لڑنے کے لیے اسلحہ چاہیئے، انخلا کے لیے گاڑی نہیں۔

Related Articles