روہت شرما نے وراٹ اور کپل دیو کا ریکارڈ توڑا

احمد آباد، فروری۔ہندوستان کے کپتان روہت شرما نے سابق کپتان وراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک بڑا سنگ میل حاصل کرلیا ہے۔ روہت شرما نے بطور کپتان ٹیم انڈیا کو ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ون ڈے میں جیت دلاتے ہوئے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔روہت سب سے کم میچوں میں 10 جیت حاصل کرنے والے ہندوستان کے کپتان بن گئے ہیں۔ روہت نے اب تک 12 ون ڈے میچوں میں ہندوستان کی ٹیم کی کپتانی کی ہے جس میں دسویں جیت ملی ہے۔ ان کی کپتانی میں جیت کا فیصد 83.33 رہا ہے۔اس سے قبل یہ ریکارڈ وراٹ کوہلی کے نام تھا جن کی کپتانی میں ہندوستان نے 13 ون ڈے میچوں میں دسویں جیت حاصل کی تھی۔ وراٹ کے بعد کپل دیو (15)، محمد اظہرالدین (17)، سوربھ گانگولی (19)، راہل دراوڑ (20)، ایم ایس دھونی (22)، سچن تندولکر (29) اور سنیل گواسکر (33) اس فہرست میں شامل ہیں۔تاہم اس میچ میں روہت بلے سے کمال نہیں کر سکے اور 8 گیندوں میں صرف 5 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پہلے ون ڈے میں انہوں نے 51 گیندوں پر 60 رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ ٹیم انڈیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 237 رن بنائے جب کہ جواب میں ویسٹ انڈیز 46 اوورز میں 193 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

Related Articles