دبئی میں پلاسٹک تھیلوں کے استعمال پرفیس وصولی کا اعلان،دوسال میں استعمال غیرقانونی

دبئی،فروری۔امارت دبئی نے پلاسٹک تھیلے استعمال کرنے والوں پراب فیس (جرمانہ)عایدکرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ماحولیاتی خدشات کے پیش نظردبئی میں ان کا استعمال دوسال میں بالکل غیرقانونی قراردے دیا جائے گا۔حکومت کے زیرِانتظام دبئی میڈیا دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پلاسٹک تھیلے کے استعمال پر25 فل (6 سینٹ) جرمانے کا نفاذ یکم جولائی سے شروع ہوگا۔حکومت نے کہا ہے کہ پائیداری اب عالمی سطح پر ایک ناگزیرامربن چکی ہے۔اس کو معاشرے کے طرزِعمل کو اس طرح تبدیل کرکے تقویت دی جاسکتی ہے کہ جس سے افراد کے ماحولیاتی اثرات کوکم سے کم کیا جاسکے۔حکومت نے کہا کہ پلاسٹک تھیلوں کے استعمال پر پابندی ضروری ہے کیونکہ امارت میں اونٹ اور کچھوے دونوں پلاسٹک کھانے سے مرچکے ہیں۔واضح رہے کہ فلک بوس عمارتوں میں گھرے دبئی شہر میں پہلے ہی کچھ گروسری اسٹورزعوام کو خریداری کے لیے دوبارہ قابلِ استعمال تھیلے ساتھ لانے کی ترغیب دے رہے ہیں۔

Related Articles