وزیراعظم عوام کے مسائل پر توجہ دینے کے بجائے اپنی چمڑی بچانے کی کوشش کررہے ہیں، کیئراسٹارمر

لندن ،فروری ۔لیبر پارٹی کے قائد سر کیئر اسٹارمر نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم بورس جانسن لاک ڈائون کے دوران نمبر10میں پارٹیوں کی خبروں کی اشاعت کے بعد اہم مسائل پر توجہ دینے کے بجائے اپنی چمڑی بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ Gray Sue کی جانب سے جاری کردہ اپڈیٹ میں ڈائوننگ اسٹریٹ میں قواعد کی خلاف ورزی پر قیادت کی ناکامی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ وزیراعظم بورس جانسن نے پیر کو ٹوری ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کی اور انھیں یقین دلایا کہ وہی وزیراعظم رہیں گے اور اپنی کابینہ میں ردوبدل کرنے کا وعدہ کیا لیکن لیبر پارٹی کے قائد وزیراعظم پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ عوام کو درپیش مسائل، جس میں اخراجات زندگی جیسے مسائل شامل ہیں، سے چشم پوشی کررہے ہیں جبکہ ڈپٹی وزیراعظم ڈومنک راب نے بی بی سی ریڈیو پر یہ کہہ کر بورس جانسن کا دفاع کیا ہے کہ وہ اپنی مجموعی ذمہ داری پر ندامت کا اظہار کرچکے ہیں اور نمبر 10 کے معاملات کو درست کرنا چاہتے ہیں لیکن ٹوری پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اینڈریو مچل نے اسی پروگرام میں الزام عائد کیا کہ وزیراعظم قرون وسطیٰ کے درباروں کی طرح حکومت چلا رہے ہیں اور انھوں نے پارٹی کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ سو گرے کی رپورٹ کے مطابق میٹروپولیٹن پولیس کے افسران ایسی12 تقریبات کی تفتیش کررہے ہیں جن میں مبینہ طورپر لاک ڈائون کے قواعد کی خلاف ورزی کی گئی، ان میں سے 3 میں وزیراعظم خود شریک تھے اور ایک ان کے فلیٹ میں ہوئی تھی۔ سینئر سرکاری عہدیدار سو گرے کا کہنا ہے کہ ان کی رپورٹ پولیس کی تفتیش تک ہی محدود ہے۔ اس لئے ابھی تک کوئی بامعنی رپورٹ جاری نہیں کی جاسکی ہے۔

Related Articles