ہندستان کا انسان بردار خلائی مشن ’اب سے کچھ وقت بعد‘:مودی

نئی دہلی، جنوری ۔وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو کہاکہ ہندستان جلد ہی اپنے بھروسہ پر ایک انسان بردار مشن خلا میں بھیجنے والا ہے اور ملک کی نوجوان نسل پوری تندہی سے اس مہم میں مصروف ہے۔مسٹر مودی نے ’راشٹریہ بال پرسکار۔2022‘کی فاتح بچیوں سے بات چیت میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ اب سے کچھ وقت بعد ہندستان اپنے دم پر پہلی بار خلا میں ہندستانیو ں کو بھیجنے والا ہے۔ اس خلائی مشن کا دارومدار بھی ہمارے نوجوانوں پر ہی ہے۔ جو نوجوان اس مشن کے لئے منتخب کئے گئے ہیں وہ اس وقت سخت محنت کررہے ہیں۔وزیراعظم نے آج عالمی کمپنیوں کی قیادت کررہے ہندستانی یا ہندستانی نزاد لوگوں کی مثال دیتے ہوئے فاتحان سے کہا کہ آپ کی ہی نسل ہندستان ہی نہیں، بلکہ ہندستان کے باہر بھی اس نئے دورکو قیادت فراہم کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ آج ہمیں فخر ہوتا ہے کہ جب ہم دیکھتے ہیں کہ ہندستان کے نوجوان نئے نئے انوویشن کررہے ہیں،ملک کو آگے بڑھا رہے ہیں۔انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے انسان بردار مشن کے لئے ایک طاقتور خلائی جہاز لانچ راکٹ انجن کا گزشتہ دنوں کامیاب تجربہ کیا ہے۔ گگنیان/انسانی خلائی مشن کے لئے تیار کئے جانے والے راکٹ انجن کا تجربہ تملناڈو کے مہندرگیری میں اسرو پروپلشن کمپلکس (آئی پی آر سی) میں کیا گیا۔خیال رہے کہ ہندستان کے راکیشن شرما 1984میں خلا میں جانے والے پہلے ہندستانی شہری ہیں۔ اس وقت وہ سوویت یونین کی خلائی گاڑی میں خلا میں گئے تھے۔مسٹر مودی نے 2018کے اپنے یوم آزادی کے خطاب میں 2022میں یوم آزادی کی 75ویں سالگرہ سے پہلے انسان بردار خلائی مشن بھیجنے کے ہدف کا اعلان کیا تھا۔ درمیان میں کووڈ۔19انفیکشن کی وجہ سے کام متاثر ہونے کی خبریں تھیں۔

Related Articles