کرکٹر آف دی ایئر: رمیز راجا کا رضوان کیلئے خصوصی پیغام

کراچی،جنوری،آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔رمیز راجا نے اپنی ٹوئٹ میں محمد رضوان کو پاکستان کا نام فخر سے بلند کرنے پر مبارکباد دی، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ آپ اس کامیابی کے مستحق تھے۔چیئرمین پی سی بی نے کرکٹر کے لیے لکھا کہ آپ کی عاجزی، رویہ اور محنت آپ کی خاصیت ہے۔رمیز راجا نے رضوان کے لیے مستقبل میں مزید کامیابی اور اعزازات کے لیے دعا بھی کی۔خیال رہے کہ آئی سی سی نے محمد رضوان کو گزشتہ سال 1326 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے پر سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے۔محمد رضوان کا اس حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ ڈبل خوشی اس بات کی ہے کہ اس بار یہ ایوارڈ پاکستان کو ملا ہے، دنیا کی ٹاپ ٹیمز میں پاکستان کا نام آنا خوشی کی بات ہے۔پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ ایوارڈ کاکریڈیٹ ٹیم مینجمنٹ، ساتھی کرکٹرز اور میرے کھیل کا جائزہ لینے والوں کو بھی جاتا ہے، سب کی محنت کی وجہ سے آج دنیا بھر میں پاکستان ٹیم کا نام ہے۔اس کے علاوہ رضوان نے ٹوئٹر پر بھی پیغام جاری کیا اور کہا کہ بس اللہ سے ہوتا ہے، اللہ کے غیر سے نہیں ہوتا۔ٹوئٹر پیغام میں رضوان نے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ ابھی سفر کا آغاز ہے، انہوں نے یہ ایوارڈ پاکستان اور پوری قوم کے نام کیا۔

Related Articles