بجلی کی بحالی کے لئے فوج لانے سے ’گڈ گورننس‘ کا بیانیہ بے نقاب ہوگیا: محبوبہ مفتی

سری نگر،دسمبر۔ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا دعویٰ ہے کہ جموں میں بجلی نظام کی بحالی کے لئے فوج کی خدمات حاصل کرنے سے حکومت کا ’گڈ گورننس‘ کا بیانیہ مزید بے نقاب ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی مضحکہ خیز پالسیوں سے لوگوں میں احساس بیگانگی اور گھٹن مزید سنگین ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہند نے اس طرح جموں و کشمیر کے خصوصی درجے کے ختم کرنے کے پیچھے ایجنڈے کو عیاں کر دیا ہے۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا۔انہوں نے یہ ٹویٹس محکمہ بجلی کے ملازمین کی ہڑتال کے بعد جموں میں بجلی کی بحالی کے لئے انتظامیہ کی طرف سے فوج کی خدمات حاصل کرنے کے رد عمل میں کئے۔محبوبہ مفتی نے اپنے ٹویٹ میں کہا: ’ایسے معاملوں میں فوج کو لانے سے حکومت نے اپنے جعلی ’گڈ گورننس‘ کے بیانیے کو مزید بے نقاب کر دیا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ یہاں لوگ مسلسل خوف کے ماحول میں رہتے ہیں‘۔انہوں نے مزید کہا: ’ایسی مضحکہ خیز پالسیوں سے جموں وکشمیر کے لوگوں میں احساس بیگانگی اور گھٹن مزید گہری ہوگی‘۔پی ڈی پی صدر نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا: ’اس طرح حکومت ہند کا جموں وکشمیر کے خصوصی درجے کو ختم کرنے پیچھے کا ایجنڈا بھی عیاں ہوگیا۔ سرکار کی سرپرستی میں ہمارے قدرتی وسائل کی لوٹ کھسوٹ، بیرونی لوگوں کو ریت کی کان کنی کی غیر قانونی نیلامی،زرعی اراضی کو غیر زرعی مقاصد کے لئیے تبدیل کرنا اور بجلی نجکاری جموں و کشمیر کو افرا تفری میں ڈالنے کے محرکات ہیں‘۔

Related Articles