تریپورہ تشدد: صحافیوں پر کارروائی پر ‘سپریم کورٹ کی روک

نئی دہلی، دسمبر۔سپریم کورٹ نے بدھ کو ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کیا اور تریپورہ میں فرقہ وارانہ تشدد سے متعلق رپورٹیں لکھنے پر صحافیوں کے خلاف درج مقدمات میں مزید کارروائی پر روک لگاتے ہوئے اس سے جواب طلب کیا ہے۔جسٹس ڈی وائی چندرچوڑکی صدارت والی بنچ نے میڈیا کمپنی ایچ ڈبلیو نیوز نیٹ ورک اور اس کے صحافیوں سمردھی ساکونیا اور سورنا جھا پر مبینہ طور پر فرقہ وارانہ تشدد پر بدنیتی پر مبنی خبریں لکھنے کے الزام میں درج کی گئی ایف آئی آر پر کارروائی پر روک لگاتے ہوئے چار ہفتوں کے اندر اندر اپنا جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔بنچ نے ڈیجیٹل نیوز پورٹل ڈبلیو۔ ایچ نیوز نیٹ ورک چلانے والی کمپنی تھیوس کنیکٹ کی جانب سے دائر درخواست پر نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔درخواست گزار کے وکیل سدھارتھ لوتھرا نے بحث کرتے ہوئے تریپورہ حکومت پر الزام لگایا کہ ایف آئی آر کے اندراج کے پیچھے پریس کو ہراساں کرنے کا مقصد چھپا ہوا ہے۔سینئر وکیل لوتھرا نے دلیل دی کہ صحافیوں کے خلاف تشدد کیس میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی اور انہیں ضمانت مل گئی ہے۔ انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ اس کے بعد بھی ایک ایف آئی آر درج کی گئی جس سے لگتا ہے کہ دراصل پریس کو ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو کہ ناانصافی ہے۔مختصر سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہاکہ "ایف آئی آر پر کارروائی معطل رہے گی۔ ہم نوٹس جاری کریں گے۔”تریپورہ پولیس نے درخواست گزار صحافیوں پر مختلف گروپوں کے درمیان باہمی نفرت اور فرقہ وارانہ تشدد کے بارے میں بے بنیاد خبریں پھیلانے کا الزام لگایا ہے۔تریپورہ پولیس نے صحافیوں ساکونیا اور جھا کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 120-بی (مجرمانہ سازش)، 153-اے (مذہبی گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا) اور 504 (امن کی خلاف ورزی پر اکسانے کے ارادے سے جان بوجھ کر توہین) کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔تاہم، درخواست گزاروں کی جانب سے عدالت عظمیٰ کے سامنے دلائل کی بنیاد پر یہ کہا گیا کہ ان کی خبر شائع کرنے کا مقصد تریپورہ میں ہوئے فرقہ وارانہ فسادات کی زمینی حقیقت کو عوام کے سامنے لانا تھا۔درخواست گزاروں نے دعویٰ کیا کہ خبروں میں مختلف برادریوں کے درمیان نفرت اور دشمنی پھیلانے کا کوئی مواد نہیں ہے۔ ایف آئی آر درج کرنے کے پیچھے سیاسی مقصد تھا۔

 

Related Articles