پرینکا نے بھی کورونا سے متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا

نئی دہلی، دسمبر۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے کووڈ سے مرنے والوں کے لواحقین کو معاوضہ دینے کے مطالبے کے بعد اب پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے بھی حکومت سے متاثرین کو فوری معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔اتر پردیش کے کانگریس جنرل سکریٹری انچارج نے ہفتہ کو کہا کہ حکومت کو متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کے ساتھ پیش آنا چاہئے اور ان کے درد کو سمجھنا چاہئے، انہیں فوری طور پر 4 لاکھ روپے کا معاوضہ دینا چاہئے۔محترمہ وڈرا نے ٹویٹ کیاکہ "بی جے پی حکومت نے نہ تو کورونا سے ہونے والی اموات کے صحیح اعداد و شمار جاری کیے ہیں اور نہ ہی مرنے والوں کے لواحقین کو کوئی معاوضہ دیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی جی کروڑوں ہندوستانیوں کے درد اور جذبات کو بے حسی کے جوتے تلے نہ کچلیں۔ مرنے والوں کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے۔”واضح رہے کہ مسٹر راہل گاندھی نے کل یہاں پریس کانفرنس کرکے حکومت سے کورونا متاثرین کے لواحقین کو فوری مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور آج محترمہ پرینکا وڈرا نے اس مطالبے کو آگے بڑھاتے ہوئے حکومت پر کورونا سے متاثرین کی مدد نہ کرنے کا الزام لگایا۔

Related Articles