‘جوادسے متاثر ہونے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے: مودی

نئی دہلی، دسمبر۔وزیر اعظم نریندر مودی نے طوفان ‘جواد کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے جمعرات کی صبح دارالحکومت میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔
جناب مودی نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ لوگوں کو خطرناک علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنائیں۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق، مسٹر مودی نے میٹنگ میں کہا کہ ضروری خدمات کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جانے چاہئیں اور اگر کوئی رکاوٹ ہے تو انہیں جلد از جلد بحال کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔ تمام وزارتوں اور ایجنسیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مل کر اس طرح کام کریں کہ طوفان سے ہونے والے نقصان کو کم سے کم کیا جائے۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے طوفان سے متاثرہ علاقوں میں پہلے ہی 29 ٹیمیں بھیجی ہیں۔ ان کے ساتھ کشتیاں، درختوں کی آری، ٹیلی کمیونیکیشن کا سامان وغیرہ بھی بھیج دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 33 ٹیموں کو تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔
ہندوستانی کوسٹ گارڈ اور بحریہ نے بھی اپنے جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کو راحت اور بچاؤ کے کاموں کے لیے تیار رکھا ہے۔ انہوں نے طوفان میں لاپتہ ہونے والوں کی تلاش اور ریسکیو کے لیے بھی تیاریاں کی ہیں۔ ہندوستانی فضائیہ اور ہندوستانی فوج کے انجینئروں کو بھی کٹی میں تیار رکھا گیا ہے۔ مشرقی ساحل پر ڈیزاسٹر ریلیف اور طبی ٹیمیں بھی تعینات کر دی گئی ہیں۔

Related Articles