ہندوستان میں ہر 10 دن میں ایک یونیکارن: مودی

نئی دہلی، نومبر۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز کہا کہ ہندوستان میں ہر 10 دن میں ایک نیا یونیکارن اسٹارٹ اپ ابھر رہا ہے، ہندوستان اسٹارٹ اپ کے شعبے میں دنیا کی قیادت کررہا ہے اور یہاں کی اسٹارٹ اپ کمپنیاں عالمی مسائل کا عالمی حل پیش کررہی ہیں۔اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات میں ہم وطنوں سے بات کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا یہ ہندوستان کی ترقی کی کہانی میں ایک نیا موڑ ہے۔ پہلے نوجوانوں کو نوکریوں کے لیے ترغیب دی جاتی تھی اور آج جو لوگ اپنا روزگار شروع کرتے ہیں ان کی تعریف اور حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔ مودی نے کہا کہ ان کی پہلی حکومت کے وقت ملک میں 9-10 یونیکارن ہوا کرتے تھے۔ یونی کارن ایک ایسی اسٹارٹ اپ کمپنی کہلاتی ہے جس کی قیمت ایک ارب ڈالر یا 7000 کروڑ سے کچھ زیادہ ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان یونیکارن کے شعبے میں دنیا میں تیزی سے ترقی کررہا ہے اور ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک میں 70 سے زیادہ اسٹارٹ اپ یونیکارن کے زمرے میں آچکے ہیں۔ دنیا کی توجہ اس طرف مبذول ہو گئی ہے۔ ہندوستان یونیکارن کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو راغب کررہا ہے اور ملک کے نوجوان عالمی مسائل کے حل میں تعاون کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان یونیکارن کے شعبے دنیا کی قیادت کر رہا ہے۔ آج چاروں طرف اسٹارٹ اپس کے بارے میں بات کی جاتی ہے۔ اب چھوٹے چھوٹے شہروں میں بھی اسٹارٹ اپ کمپنیاں قائم ہو رہی ہیں۔ پہلے جب کوئی نوجوان اپنا کام شروع کرنے کی بات کرتا تھا تو بڑے بزرگ اسے نوکری کا مشورہ دیتے تھے اور کہا کرتے تھے کہ نوکری میں آرام ہے، پیسہ ہے۔ لیکن جو لوگ آج اپنا کام شروع کرتے ہیں انہیں اپنے خاندان اور معاشرے سے حوصلہ اور مدد ملتی ہے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے میور نامی ایک نوجوان کاروباری سے بات چیت کی جس نے تعلیم کے دوران اپنی موٹرسائیکل کا مائلج بڑھانے اور گاڑیوں کی آلودگی کو کم کرنے کے لیے ٹیکنالوجی تیار کرنے پر کام کیا۔ آج اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ٹیکنالوجی تیار کی ہے۔ میور نے وزیر اعظم کو بتایا کہ اس نے اپنے چار ساتھیوں کے ساتھ مل کر جو فلٹر ٹیکنالوجی تیار کی ہے اس نے موٹرسائیکل کی اوسط مائلیج 25 کلو میٹر سے بڑھا کر 39 کلو میٹر تک پہنچا دیا ہے اور کاربن کے اخراج میں 40 فیصد کی کمی آئی ہے۔ اس نے اس ٹیکنالوجی کو سرکاری بسوں میں استعمال کیا ہے۔

Related Articles